خیبر پختونخوا میں شدید بارشیں، گھروں کی چھتیں اور دیواریں گرنے سے بچوں سمیت 17 افراد جاں بحق
خیبر پختونخوا میں ہونے والی حالیہ بارشوں کے باعث گھروں کی چھتیں اور دیواریں گرنے سے اب تک 17 افراد جاں بحق جبکہ 56 افراد زخمی ہوگئے۔
پی ڈی ایم اے کی جانب سے 25 مارچ سے اب تک ہونے والی بارشوں کے باعث صوبہ کے مختلف اضلاع میں جانی و مالی نقصانات کی ابتدئی رپورٹ جاری کر دی گئی۔
ترجمان پی ڈی ایم کے مطابق جاں بحق افراد میں 14 بچے، ایک مرد اور دو خواتین جبکہ زخمیوں میں 25 مرد، 5 خواتین اور 26 بچے شامل ہیں۔ بارشوں کے باعث اب تک کی رپورٹ کے مطابق مجموعی طور پر 11گھر وں کو جزوی نقصان پہنچا۔
یہ حادثات صوبہ کے مختلف اضلاع بنوں، ایبٹ آباد، کوہاٹ، دیر اپر، باجوڑ، بٹگرام اور شمالی وزیرستان میں پیش آئے۔
پی ڈی ایم اے، ریسکیو 1122، ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداراے آپس میں رابطے میں ہیں اور امدادی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔ پی ڈی ایم اے کی جانب سے متاثرہ اضلاع کی انتظامیہ کو متاثرین کو جلد امدادی سامان فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
صوبے کے مختلف اضلاع میں بارشوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے جبکہ یہ سلسلہ منگل کے روز تک جاری رہنے کا امکان ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ عوام سےاپیل کی جاتی ہے کے بلا وجہ سفر سے گریز کریں اور حساس سیاحتی مقامات کا رخ نہ کریں اور حکومتی اداروں کی جانب سے الرٹس/ اور ایڈوائزری پر عمل کریں۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق پی ڈی ایم اے کا ایمرجنسی آپریشن سینٹر مکمل طور پر فعال ہے۔ عوام کسی بھی نا خوشگوار واقعے کی اطلاع، موسمی صورتحال سے آگائی اور معلومات کے لیے فری ہیلپ لائن 1700 پر رابطہ کریں۔