کراچی؛ گزشتہ روز لاپتا ہونے والے 5 سالہ بچے کی لاش گٹر سے برآمد
شہر قائد میں انتظامیہ کی مجرمانہ غلفت کا ایک اور واقعہ سامنے آگیا، سائٹ سپر ہائیوے فقیرا گوٹھ میں 5 سالہ بچہ کھلے مین ہول میں گر کر جاں بحق ہوگیا، کمسن بچے کی لاش ایک روز کے بعد کھلے مین ہول سے ملی۔
تفصیلات کے مطابق شہر قائد میں انتظامیہ کی مجرمانہ غلفت کا ایک اور واقعہ سامنے آگیا، سائٹ سپر ہائیوے صنعتی ایریا فقیرا گوٹھ لکی اسٹار ہوٹل کے قریب کھلے مین ہول سے 5 سالہ بچے کی لاش ملی ہے۔
اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو ادارے موقع پر پہنچ گئے اور بچے کی لاش قانونی کارروائی کے لیے متعلق تھانے منتقل کر دی گئی۔ متوفی بچے کی شناخت 5 سالہ احسن ولد نوید کے نام سے کی گئی، متوفی کمسن بچہ فقیرا گوٹھ کا ہی رہائشی تھا۔
ایس ایچ او کا کہنا ہے شبہ ہے کہ متوفی بچہ کھیلتے ہوئے کھلے مین ہول میں گر کر جاں بحق ہوا، متوفی کمسن بچے کے اہلخانہ کسی قسم کی کوئی قانونی کارروائی نہیں چاہتے جس پر پولیس نے کمسن بچے کی لاش ورثا کے حوالے کر دی۔