پاکستان میں انسداد پولیو کے مثبت نتائج سامنے آنے لگے، رواں سال کی دوسری مہم 13 اپریل سے ہوگی

کوئٹہ پولیو وائرس سے پاک، کراچی کی 6 سائٹس، لاہور میں 5 مقامات پولیو سے پاک ہوگئے، بریفنگ

(فوٹو: فائل)

پاکستان میں انسداد پولیو کے حوالے سے جاری اقدامات کے مثبت نتائج سامنے آنے لگے جبکہ وزارت صحت نے سال 2026 کی انسداد پولیو مہم کی تاریخ کا اعلان کردیا۔

وزارت صحت کے ترجمان کے مطابق وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے وزیرِ اعظم کی فوکل پرسن برائے انسدادِ پولیو، عائشہ رضا فاروق، اور پولیو کوآرڈینیٹر کیپٹن (ر) انوار الحق سے ملاقات کی۔

ملاقات میں آئندہ انسدادِ پولیو مہم کے حوالے سے تفصیل بریفننگ دی گئی اور بتایا گیا کہ سال 2026 کی دوسری پولیو مہم ملک بھر میں 13 تا 19 اپریل تک منعقد کی جائے گی۔

اعلامیے کے مطابق پولیو مہم کے دوران 4 کروڑ 50 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ قطرے پلائے جائیں گے۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ انسدادِ پولیو کے لیے جاری اقدامات کے مثبت نتائج سامنے آنے لگے  کراچی کی 12 میں سے 6 سائٹس کے نتائج منفی رپورٹ ہوئے، کیماڑی اور ایسٹ میں متعدد سائٹس بھی منفی قرار دے دی گئیں۔

اس کے علاوہ کوئٹہ بلاک کی تمام 7 سائٹس پولیو وائرس سے پاک ہوگئیں جبکہ لاہور کی 6 میں سے 5 سائٹس کے نتائج منفی رپورٹ ہوئے۔

اس موقع پر وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے کہا کہ پاکستان میں پولیو کے خاتمے کا پختہ عزم کر رکھا ہے، حکومت پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے موثر اقدامات کو یقینی بنارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مربوط حکمت عملی اور عوامی تعاون کے ذریعے پاکستان کو جلد پولیو فری بنایا جائے گا۔

انہوں نے والدین اور سربراہان سے اپیل کی کہ قوم کے مستقبل کے تحفظ کے لیے والدین پولیو ورکرز کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔

Load Next Story