لاہور: رائیڈ بک کرکے ڈرائیورز سے دوستی، نشہ پلا کر لوٹنے والی شاطر ملزمہ گرفتار

ڈرائیورز کے بے ہوش ہونے پر ملزمہ انکا سامان لیکر غائب ہوجاتی تھی، پولیس

لاہور:

لاہور کے علاقے جوہر ٹاؤن میں پولیس نے ایک شاطر ملزمہ کو گرفتار کر لیا جو رائیڈ بک کر کے ڈرائیورز کو نشہ دے کر لوٹنے کی وارداتوں میں ملوث تھی۔ 

جوہر ٹاؤن پولیس کے مطابق ملزمہ کا طریقہ واردات انتہائی منفرد اور خطرناک تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمہ آن لائن رائیڈ بک کر کے ڈرائیورز کے ساتھ بیٹھ جاتی، انہیں باتوں میں الجھا کر نشہ آور چیز پلا دیتی جس سے ڈرائیور بے ہوش ہو جاتے۔ بعد ازاں ملزمہ ڈرائیورز کے موبائل فون، والیٹ اور دیگر قیمتی اشیاء لے کر موقع سے فرار ہو جاتی تھی۔

حالیہ واردات میں بھی ایک شہری کو نشہ دے کر لوٹا گیا جس کے بعد تھانہ جوہر ٹاؤن میں مقدمہ نمبر 551/26 درج کیا گیا۔ پولیس نے جدید ٹیکنیکل اور ہیومن انٹیلیجنس کی مدد سے ملزمہ تک رسائی حاصل کی اور اسے گرفتار کر لیا۔

دورانِ تفتیش ملزمہ کے دیگر وارداتوں میں ملوث ہونے کا بھی انکشاف ہوا ہے۔ ایس پی صدر رانا حسین طاہر کے مطابق ملزمہ لاہور کے مختلف علاقوں مزنگ اور ڈیفنس اے کے علاوہ گوجرانوالہ میں بھی اسی طرز کی وارداتیں کر چکی ہے۔ ریکارڈ چیک کرنے پر مختلف تھانوں کی حدود میں وارداتوں کے شواہد بھی ملے ہیں۔

Load Next Story