شیخوپورہ: 15 سالہ لڑکی معذور بھائی کے سامنے زیادتی کے بعد قتل
شیخوپورہ میں نامعلوم افراد نے 15 سالہ لڑکی کو اُس کے معذور بھائی کے سامنے مبینہ زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد قتل کردیا۔
ملزمان نے لڑکی کو گھر میں اکیلا پا کر مبینہ زیادتی کا نشانہ بنایا اور مبینہ زیادتی کے بعد ملزمان نے لڑکی کو تیز دھار آلے سے گلا کاٹ کر قتل کر دیا۔
لڑکی کے گھر والے شادی پر گئے ہوئے تھے اور وہ اپنے معذور بھائی کی دیکھ بھال کے لیے گھر پر رکی ہوئی تھی۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر حنا پرویز بٹ نے واقعے کا نوٹس لیکر ڈی پی او شیخوپورہ سے تفصیلی رپورٹ طلب کر لی۔
حنا پرویز بٹ کے مطابق پولیس نے مقدمہ درج کر کے 7 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا ہے جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔
ڈی پی او شیخوپورہ اور ایس پی انویسٹی گیشن نے جائے وقوعہ کا دورہ کیا، اہل خانہ سے ملاقات کی، تین خصوصی تحقیقاتی ٹیمیں کیس پر کام کر رہی ہیں، شواہد اکٹھے کر لیے گئے ہیں۔ سی سی ٹی وی فوٹیجز کا جائزہ جاری ہے۔
حنا پرویز بٹ نے کہا کہ جیو فینسنگ اور سی ڈی آر کے ذریعے اصل ملزمان تک پہنچنے کی کارروائی تیز کر دی گئی ہے۔ ملزمان کو بے نقاب کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔