: 190 ملین پاؤنڈ کیس، عدالت کی وکلا کو عمران خان اور بشری بی بی سے ہدایات لینے کی مہلت 

بانی پی ٹی آئی کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر، نیب کی جانب سے اسپیشل پراسیکیوٹر جاوید اشرف اور رافع مقصود بھی پیش ہوئے

بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کی 190 ملین پاؤنڈ کیس میں سزا کے خلاف مرکزی اپیل سنی جائے گی یا سزا معطل کر کے ضمانت پر رہائی کا فیصلہ پہلے ہو گا؟ اسلام آباد ہائی کورٹ نے وکلا کو بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی سے ہدایات لینے کی مہلت دیتے ہوئے سماعت 6 اپریل تک ملتوی کر دی۔

چیف جسٹس سردار محمد سرفراز ڈوگر نے ریمارکس دیے اگر اپیل مقرر ہو گی تو سزا معطلی نہیں سنی جائے گی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس سردار محمد سرفراز ڈوگر اور جسٹس محمد آصف نے 190 ملین پاؤنڈ کیس میں نیب کی متفرق درخواستوں پر سماعت کی۔

نیب کے اسپیشل پراسیکیوٹر جاوید اشرف  نے  کہا کہ انہوں نے سزامعطلی درخواستوں پر اعتراض اٹھاتے ہوئے ان کے قابل سماعت ہونے سے متعلق 2 متفرق درخواستیں دائر کر رکھی ہیں۔

مرکزی اپیل میں نوٹس نا ہوا ہو تو سزامعطلی کی درخواستیں نہیں سنی جاسکتیں۔ نیب قانون میں تبدیلی کےبعد اپیلوں پرنوٹس کے بغیر سزامعطلی نہیں سنی جاسکتیں۔ سزا معطلی درخواستیں سماعت کے لیے مقرر ہی نہیں ہیں۔ یہ اپیلوں پر دلائل دینا چاہتے ہیں تو آج سے شروع کریں۔

بیرسٹر سلمان صفدر نے کہا ساری باتیں انہی کی تو نہیں مانی جائیں گی۔ نیب والے اس کیس میں بانی اوربشری بی بی کوطویل عرصہ جیل میں رکھنا چاہتے ہیں۔ بانی پی ٹی آئی کو باربار گرفتار کیا جاتا رہا ،بار بار رہائی کے آرڈر بھی ہوتے رہے۔

یہ کسی صورت نہیں چاہتے ہیں ضمانت سنی جائے۔ میڈیکل گراؤنڈ بھی موجود ہے۔ ہمیں سائفر کیس کی اپیل میں دلائل کےلیے 3 ماہ لگے تھے، اس کیس کی اپیل میں بھی پانچ چھ ماہ لگ جائیں گے۔ دس ماہ ہوچکے نوٹس ہوئےاس دوران پراسیکیوشن نے التوامانگا ہے،ہم ہمیشہ موجود رہے ہیں۔

جنوری 2025میں بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کو سزا ہوئی،سزا کو 14ماہ ہو چکے ہیں۔ ہم ابھی مرکزی اپیل پر نہیں،سزا معطلی اور ضمانت پر رہائی چاہتے ہیں۔ پانچ ماہ سے بانی اور بشری بی بی سے ملاقات نہیں ہوئی۔ ان سے ہدایات بھی نہیں لیں کہ اپیلوں پر دلائل دیں۔

چیف جسٹس نے کہا ہفتے میں دو دن دیں تو کیا آپ اپیل پر دلائل دے سکتے ہیں ؟ آپ ہدایات لےلیں،ہم کوئی تاریخ دے دیتے ہیں۔ بیرسٹر سلمان صفدر نے کہا توشہ خانہ ون میں اپیلیں نہیں لگ رہیں، پچھلی اپیلیں پڑی ہوئی ہیں وہ پہلے سنی جانی چاہئیں۔نیب کیسز میں خواتین کو 15,,15 دن میں ضمانتیں دےدی جاتی ہیں۔ نیب کی جانب سے کیس لٹکانے پرآپ ہماری سزا معطلی کی درخواستیں سنیں۔

بیرسٹر سلمان صفدر نے کہا میں بانی پی ٹی آئی اوربشری بی بی سےملاقات کےبغیر کچھ نہیں کہہ سکتا۔ اگر عدالت میرےکلائنٹس سے ملاقات کرانے کی یقین دہانی کرا دےتو میں چلاجاتا ہوں۔ عدالت نے ہدایات لینے کے لیے مہلت دیتے ہوئے سماعت چھ اپریل تک ملتوی کر دی۔

Load Next Story