کے پی ٹی اور رومانیہ کی بندرگاہ کانسٹنٹا کے درمیان تاریخی مفاہمتی یادداشت پر دستخط

بندرگاہی آپریشنز، انجینئرنگ، ٹیکنالوجی، مالیات، بحری تعلیم اور معلومات کے تبادلے کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دیا جائے گا

کراچی:

کے پی ٹی اور میری ٹائم پورٹس ایڈمنسٹریشن ایس اے، بندرگاہ کانسٹنٹا ( رومانیہ) کے درمیان بحری تعاون، تجارتی روابط اور اقتصادی تعلقات کے فروغ کے لیے ایک تاریخی مفاہمتی یادداشت  پر دستخط کیے گئے۔

یہ معاہدہ چیئرمین کے پی ٹی ریئر ایڈمرل شاہد احمد اور جنرل منیجر بندرگاہ کانسٹنٹا، میہائی تھیوڈورسکو نے مشترکہ طور پر کیا۔

اس موقع پر پاکستان میں رومانیہ کے سفیر اور رومانیہ میں پاکستان کے سفیر سمیت دونوں ممالک کے دیگر سفارتی و سرکاری حکام بھی موجود تھے۔

مفاہمتی یادداشت کے تحت بندرگاہی آپریشنز، انجینئرنگ، ٹیکنالوجی، مالیات، بحری تعلیم اور معلومات کے تبادلے کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دیا جائے گا، جبکہ دونوں بندرگاہوں کی علاقائی اہمیت کو بطور کلیدی تجارتی دروازے مؤثر انداز میں بروئے کار لایا جائے گا۔

چیئرمین کراچی پورٹ ٹرسٹ  نے بندرگاہی خدمات کی بہتری کے لیے جاری اقدامات پر روشنی ڈالی جبکہ رومانیہ کے نمائندگان نے کانسٹنٹا کی حیثیت کو ایک اہم یورپی تجارتی مرکز کے طور پر اجاگر کیا۔

فریقین نے اس شراکت داری کو بدلتے ہوئے عالمی تجارتی منظرنامے کے تناظر میں بروقت اور نہایت اہم قرار دیا۔

تقریب کے اختتام پر ڈاکٹر ڈین اسٹوئنسکو نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان کے ساتھ بحری تعاون کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

Load Next Story