پشاور کے معروف یورولوجسٹ پروفیسر ڈاکٹر آصف ملک قاتلانہ حملے میں شدید زخمی
پشاور میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے معروف یورولوجسٹ پروفیسر ڈاکٹر آصف ملک شدید زخمی ہو گئے۔ واقعہ منگل اور بدھ کی درمیانی شب پیش آیا۔
پولیس کے مطابق ڈاکٹر آصف ملک، جو کوہاٹ سے تعلق رکھتے ہیں اور حیات آباد میں امراضِ قلب کے ہسپتال و پشاور جنرل اسپتال حیات آباد کے چیئرمین ہیں، اپنے کلینک سے گھر جا رہے تھے کہ یونیورسٹی ٹاؤن کی سرکلر لین میں موٹر کار سوار نامعلوم افراد نے ان پر فائرنگ کر دی۔
فائرنگ کے نتیجے میں ڈاکٹر آصف ملک شدید زخمی ہو گئے جنہیں تشویشناک حالت میں فوری طور پر ان کے اپنے اسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
پولیس کے مطابق جائے وقوعہ سے 30 بور پستول کے تین خالی خول برآمد ہوئے ہیں۔ واقعے کا مقدمہ مجروح کے بیٹے یوسف آصف کی مدعیت میں تھانہ ٹاؤن میں درج کر لیا گیا ہے۔
پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں جبکہ سی سی ٹی وی فوٹیجز حاصل کی جا رہی ہیں۔ ملزمان کی گرفتاری کے لیے خصوصی تفتیشی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں اور مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔