نیوزی لینڈ نے ویمنز کرکٹ کی تاریخ میں نیا ریکارڈ قائم کردیا

میچ میں مجموعی طور پر 99.4 اوورز میں 696 رنز بنے۔

نیوزی لینڈ نے جنوبی افریقہ کے خلاف 346 رنز کا ہدف کامیابی سے عبور کرکے خواتین ون ڈے کرکٹ کی تاریخ میں ایک نیا ریکارڈ قائم کرلیا۔ 

بدھ کے روز باسن ریزرو میں ہونے والے اس میچ میں کپتان امیلیا کر کی شاندار اننگز کرکٹ کی تاریخ میں سنہری حروف میں لکھی جائے گی، انہوں نے 139 گیندوں پر 179 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کروایا۔ 

نیوزی لینڈ نے 347 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ابتدا ہی میں پہلی وکٹ گنوا دی اور درمیانی اوورز میں بھی ٹیم مشکلات کا شکار رہی اور 4 کھلاڑی جلد آؤٹ ہو گئے۔

تاہم، امیلیا کر نے ایزابیل کے ساتھ ملکر 82 گیندوں پر 120 رنز کی شراکت قائم کی، جس کے بعد کیوی کپتان نے دیگر کھلاڑیوں کے ساتھ ملکر اپنی اننگز میں تیزی لائی اور آخری اوورز میں شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا۔

نیوزی لینڈ نے ہدف میچ کی آخری دو گیندوں پر حاصل کیا۔ امیلیاکر نے اپنی سنچری 90 گیندوں پر مکمل کی، جب کہ آخری 79 رنز صرف 49 گیندوں پر اسکور کیے۔

اس سے قبل جنوبی افریقہ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 6 وکٹوں کے نقصان پر 346 رنز بنائے تھے جس میں 3 کھلاڑیوں نے نصف سنچریاں بنائی تھیں۔ 

Load Next Story