پی ایس ایل 11: ملتان سلطانز نے حیدرآباد کنگز مین کو 6 وکٹوں سے شکست دیدی
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 11 میں ملتان سلطانز نے حیدر آباد کنگز مین کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی۔
قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے میچ میں ملتان سلطانز نے 226 رنز کا ہدف 19ویں اوور میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔
سلطانز کی جانب سے صاحبزادہ فرحان نے ناقابلِ شکست 106 رنز اسکور کر کے فتح میں کلیدی کردار ادا کیا۔عرفات منہاس 26 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
دیگر بلے بازوں میں اسٹیو اسمتھ 46، شان مسعود 29، جوش فلیپی 9 اور کپتان ایشٹن ٹرنر 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
کنگز مین کی جانب سے صائم ایوب نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ مہیش ٹھیکشانا اور حسن خان نے 1، 1 وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے کنگز مین نے مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 225 رنز اسکور کیے۔
کنگز مین کی جانب سے معاذ صداقت دھواں دار 62 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ شرجیل خان نے 51 رنز کی برق رفتار ناٹ آؤٹ باری کھیلی۔
دیگر بلے بازوں میں صائم ایوب 27، عثمان خان 25، سید سعد علی 23 اور کپتان مارنس لبوشین 8 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
عرفان خان 22 رنز بنا کر ناقابلِ شکست پویلین لوٹے۔
ملتان سلطانز کی جانب سے محمد وسیم جونیئر نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ کپتان ایشٹن ٹرنر، پیٹر سڈل اور محمد نواز نے 1، 1 کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔