کراچی میں موسلادھار بارش اور ژالہ باری، شہر کے مختلف علاقوں میں اربن فلڈنگ

سب سے زیادہ بارش ناظم آباد میں 69.9 ملی میٹر ریکارڈ ہوئی، محکمہ موسمیات

کراچی:

ملک میں داخل ہونے والے نئے مغربی سسٹم کے زیر اثر کراچی کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش اور ژالی باری سے موسم خوش گوار ہوگیا تاہم کئی مقامات پر اربن فلڈنگ کی صورتحال پیدا ہوگئی اور سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں، ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہونے سے شہری پھنس گئے۔

تفصیلات کے مطابق شہر میں یخ بستہ تیز ہوائیں چل پڑیں، ہواؤں کی رفتار 25 کلومیٹر ریکارڈ ہو رہی ہے جبکہ ہواؤں کی رفتار 50 کلو میٹر فی گھنٹہ تک تجاوز کر سکتی ہے۔

سسٹم کے زیر اثر ڈیفنس، صدر، کیماڑی، کلفٹن، شارع فیصل، ملیر، گلستان جوہر، طارق روڈ، گلشن اقبال، میٹ کمپلیکس، بلدیہ سمیت دیگر علاقوں میں بارش ہوئی۔

ٹریفک پولیس اور انتظامیہ کی جانب سے صورتحال پر قابو پانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

صبح 6 تا شام 5 تک بارش کے اعداد و شمار

محکمہ موسمیات کے مطابق سب سے زیادہ بارش ناظم آباد میں 69.9 ملی میٹر ریکارڈ ہوئی جبکہ کیماڑی میں 56 ملی میٹر، سعدی ٹاؤن میں 48 ، گلستان جوہر 44.2 ملی میٹر، بحریہ ٹاؤن 43.5 ، اورنگی ٹاؤن 39.4 ملی میٹر، گلشن معمار میں 36 ، جناح ٹرمینل 35 ، سرجانی ٹاؤن 35  ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔

اس کے علاوہ ڈی ایچ اے 33 ،اولڈ ایئرپورٹ 32.6 ، شاہراہ فیصل 30.4 ملی میٹر،ماڑی پور 29 ، نارتھ کراچی 28.8 ،کورنگی 18.2 ملی میٹر ، گلشن حدید  میں 17 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔

قبل ازیں، کراچی میں صبح سویرے کالی گھٹائیں چھا گئی تھیں اور بادل جم کے برسے تھے، جس کے سبب صبح دفاتر اور تعلیمی اداروں کی طرف جانے والے طلبہ کو شدید مشکلات کا سامنا رہا۔

کراچی کے چند ایک علاقوں میں موسلادھار بارش بھی ہوسکتی ہے جبکہ بارش کے دوران تندوتیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔ تیز ہواوں اور آندھی کے سبب کمزور املاک کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے۔

شہر میں تیز بارش کے بعد میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے بلدیہ عظمیٰ کے تمام عملے کو الرٹ رہنے کی ہدایت کر دی۔

میئر کراچی کا کہنا تھا کہ تعینات عملے کے علاوہ ریپڈ ریسپانس ٹیمیں بھی تشکیل دے دی گئی ہیں، مزید ضرورت پڑنے پر عملہ متعلقہ مقامات پر بھیج دیا جائے گا۔

کراچی میں بارش کے حوالے سے حکومت سندھ نے شہریوں سے محتاط رہنے کی اپیل کر دی۔

سینیئر وزیر شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا کہ بارشوں کے پیش نظر پیشگی انتظامات کئے گئے، ضروری عملے کی چھٹیاں منسوخ کردی گئی ہیں۔ نشیبی علاقوں سے برساتی پانی کی بروقت نکاسی کے لئے اضافی ڈی واٹرنگ پمپس نصب کئے گئے ہیں۔

انہوں ںے کہا کہ شہر میں مختلف مقامات پر پہلے ہی چوکنگ پوائنٹس کی نشاندہی کی گئی تھی، چوکنگ پوائنٹس کی نگرانی کے کئے عملہ تعینات کرکے اضافی ڈی واٹرنگ پمپس نصب کئے گئے۔

سینیئر وزیر نے کہا کہ صوبائی حکومت کے متعلقہ ادارے اور بلدیاتی اداروں کے افسران کو ہائی الرٹ رکھتے ہوئے فیلڈ میں رہنے کی ہدایات کی گئی ہیں۔ شہریوں کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے، شہری احتیاطی تدابیر پر عمل کریں، ہنگامی صورتحال میں متعلقہ اداروں سے فوری رابطہ کریں۔

Load Next Story