700 سےزائد شہریوں سے اربوں روپے کے مبینہ فراڈ میں ملوث ملزم ضمانت مسترد ہونے کے بعد عدالت سے فرار

گلشن حدید کے مختلف علاقوں میں سات سو سے زائد شہریوں سے اربوں روپے کے مبینہ فراڈ سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی

ملیر کورٹ میں گلشن حدید کے مختلف علاقوں میں سات سو سے زائد شہریوں سے اربوں روپے کے مبینہ فراڈ سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی، جہاں عدالت نے ملزم بصیر احمد کی درخواستِ ضمانت مسترد کردی۔ درخواست ضمانت مسترد ہونے کے بعد ملزم بصیر احمد عدالت سے فرار ہوگیا۔

ملزم کے خلاف تھانہ اسٹیل ٹاؤن میں وقاص چوہدری نامی شہری کی مدعیت میں چیک باؤنس کا مقدمہ درج ہے۔ وکیل مدعی مقدمہ عباس زر ایڈووکیٹ کے مطابق ملزم نے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ گلشن حدید میں "نذیر موٹرز" کے نام سے شوروم قائم کر رکھا ہے اور گھگھر پھاٹک سمیت مختلف علاقوں میں سات سو افراد سے فراڈ کر چکا ہے۔

وکیل مدعی مقدمہ کے مطابق ملزم مختلف افراد سے گاڑیاں خرید کر انہیں ادائیگی کے لیے چیکس دیتا تھا جو بعد ازاں باؤنس ہو جاتے تھے۔ وقاص چوہدری سے بھی دو گاڑیاں خرید کر رقم کے عوض دو چیک دیے گئے جو باؤنس ہوگئے۔ وکیل مدعی مقدمہ نے مؤقف اختیار کیا کہ ملزم ضمانت کا حقدار نہیں، اس کی عبوری ضمانت مسترد کرکے جیل بھیجا جائے۔

Load Next Story