لاہور: رشتے سے انکار پر 9ویں جماعت کی طالبہ پر تیزاب پھینکنے والا ملزم پولیس کی فائرنگ سے زخمی
لاہور کے علاقے چوہنگ میں رشتے سے انکار پر نویں جماعت کی طالبہ پر تیزاب پھینکنے کا افسوسناک واقعہ پیش آیا، جس کی کلوز سرکٹ فوٹیج بھی سامنے آگئی۔
ایکسپریس نیوز کو حاصل فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ موٹر سائیکل سوار ملزم گلی کے کارنر پر کھڑا ہو کر لڑکی کا انتظار کرتا رہا اور جیسے ہی طالبہ اکیڈمی سے باہر نکلی تو ملزم ساجد نے اس کے چہرے پر تیزاب پھینک دیا۔
تیزاب پھینکنے کے بعد ملزمان مرکزی شاہراہ کی جانب فرار ہوگئے جبکہ فرار ہونے کے مناظر بھی سی سی ٹی وی کیمروں میں ریکارڈ ہوگئے۔
واقعے میں طالبہ کا چہرہ، سر اور کندھے جھلس گئے جسے فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس کا علاج جاری ہے۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزمان نے رشتہ نہ دینے کی رنجش پر طالبہ کو نشانہ بنایا۔ تھانہ چوہنگ پولیس نے والد کی مدعیت میں مقدمہ نمبر 1630/26 درج کرلیا جبکہ ڈی آئی جی آپریشنز نے ایس پی صدر کو ملزمان کی فوری گرفتاری کا ٹاسک دے دیا۔
ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق شہر بھر میں ناکہ بندی کی گئی اور خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئیں۔ گرین ٹاؤن میں پولیس نے مشکوک موٹر سائیکل سواروں کو رکنے کا اشارہ کیا تو ملزمان نے اندھا دھند فائرنگ کر دی جس سے پولیس گاڑی بھی گولیوں کی زد میں آگئی۔
پولیس نے تعاقب کے بعد ایک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا جس کی شناخت ساجد کے نام سے ہوئی، جبکہ دوسرا ملزم فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہوگیا۔ زخمی ملزم کو علاج کے لیے جناح اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
پولیس کے مطابق واقعہ کے بعد تھانہ گرین ٹاؤن میں مقدمہ نمبر 1217/26 اقدام قتل اور دیگر دفعات کے تحت درج کرلیا گیا ہے جبکہ فرار ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے جاری ہیں۔