اوکاڑہ کے علاقے شادمان کالونی میں سگے بھائی کی فائرنگ سے دو بہنیں جاں بحق جبکہ ایک شدید زخمی ہو گئی۔
ذرائع کے مطابق ملزم نے اپنی تینوں بہنوں پر اندھا دھند فائرنگ کی اور موقع سے فرار ہوگیا۔
واقعے کے نتیجے میں دو بہنیں موقع پر ہی دم توڑ گئیں جبکہ شدید زخمی ہونے والی لڑکی کو طبی امداد کے لیے ڈسٹرکٹ اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
اطلاع ملتے ہی اوکاڑہ پولیس موقع پر پہنچ گئی اور لاشوں کو تحویل میں لے کر ضروری کارروائی شروع کر دی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بہنوں کو قتل کرنے کی وجوہات تاحال معلوم نہیں ہو سکیں جبکہ پولیس کی جانب سے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق فرار ہونے والے ملزم کی تلاش کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
آئی جی پنجاب عبدالکریم نے نوٹس لیتے ہوئے آر پی او ساہیوال سے رپورٹ طلب کرلی، آئی جی پنجاب نے ڈی پی او اوکاڑہ کو فائرنگ میں ملوث ملزم کی فوری گرفتاری کا حکم دیا۔
آئی جی پنجاب عبدالکریم نے کہا کہ ملزم کی گرفتاری کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائیں، ڈی پی او اوکاڑہ ڈاکٹر اسد اعجاز ملہی، انوسٹی گیشن و فرانزک ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں، ڈی پی او نے کہا کہ ملزم کی گرفتاری کے لئے ٹیمیں تشکیل، جلد گرفتار کر لیں گے۔