وزیراعلیٰ محمد سہیل آفریدی سے پشاور پریس کلب کے وفد نے ملاقات کی، وزیر اعلیٰ ہاوس پشاور تر جمان کے مطابق وفد نے صحافیوں کی فلاح و بہبود کیلئے تاریخی اقدامات پر وزیراعلیٰ کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
وزیراعلیٰ نے پشاور پریس کلب کی نئی عمارت کا جلد سنگِ بنیاد رکھنے اور پشاور کے صحافیوں کے لیے الگ انڈوومنٹ فنڈ کے قیام سے اصولی اتفاق کیا۔
وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ آزاد، ذمہ دارانہ اور خودمختار صحافت کے فروغ اور صحافیوں کو محفوظ ماحول کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بجٹ 27 ۔ 2026 میں کارکن صحافیوں کو بلاسود قرضوں کے لیے ایک ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ میڈیا کالونیز کے قیام، فزیبلٹی اور ڈیزائن کے لیے 50 کروڑ روپے رکھے گئے ہیں۔ پشاور پریس کلب کی نئی عمارت کی تعمیر کے لیے 15 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔صوبے کے ضلعی پریس کلبز کی بحالی کے لیے 30 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔
انفارمیشن سیکٹر میں جدت اور ترقی کے لیے 10 کروڑ روپے رکھے گئے ہیں۔ خیبرپختونخوا جرنلسٹس ویلفیئر انڈوومنٹ فنڈ کی مالیت 20 کروڑ سے بڑھا کر 50 کروڑ روپے کر دی گئی ہے۔
میڈیا اداروں کو اشتہارات کے بقایا جات کی ادائیگی کارکن صحافیوں کے واجبات اور کم از کم اجرت کی ادائیگی سے مشروط بنانے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا اداروں کی ترقی کے ساتھ کارکن صحافیوں کے بہتر حالاتِ کار اور فلاح و بہبود بھی ہماری ترجیح ہے۔ انہوں نے نیو پشاور ویلی سٹی میڈیا انکلیو پر صحافیوں کو اعتماد میں لینے اور منصوبے پر قواعد و ضوابط کے مطابق پیش رفت کی ہدایت کی۔ وزیر اعلی نے صحافیوں کے لیے مطالعاتی دوروں کے اہتمام کی بھی ہدایت کی۔اس موقع پر پشاور پریس کلب کے جنرل سیکرٹری نے وزیراعلیٰ کو پریس کلب کے دورے اور نئی عمارت کا سنگِ بنیاد رکھنے کی دعوت دی۔