کوالالمپور میں پاکستانی نوجوان سکواش سٹار ’علی سسٹرز‘ کا راج

انٹرنیشنل جونیئر اوپن اسکواش چیمپئن شپ 2026 میں پاکستانی ’علی سسٹرز‘ نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا

کوالالمپور میں پاکستانی نوجوان سکواش سٹار ’علی سسٹرز‘ کا راج رہا جب کہ تینوں بہنیں ماہنور، سحرش اور مہوش علی انٹرنیشنل جونیئر سکواش چیمپئن شپ کے کوارٹر فائنل میں پہنچ گئیں۔

تفصیلات کے مطابق ملائیشیا کے دارالحکومت کوالالمپور میں جاری SRAFTKL انٹرنیشنل جونیئر اوپن سکواش چیمپئن شپ 2026 میں پاکستانی ’علی سسٹرز‘ نے اپنی شاندار کارکردگی سے حریف کھلاڑیوں کو دھول چٹا دی۔

پاکستان کی مایہ ناز سکواش پلیئرز ماہنور علی، سحرش علی اور مہوش علی نے اپنے اپنے میچز میں کلین سویپ کرتے ہوئے ایونٹ کے کوارٹر فائنل مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔

​ایشیائی جونیئر سپر سیریز کے تیسرے راؤنڈ میں ماہنور علی نے چین کی کھلاڑی ڈو شاوئی (Du Shaoyi) کے خلاف انتہائی جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا۔

سنسنی خیز مقابلے کے بعد مہنور نے چینی حریف کو 3-0 سے شکست دی۔ ان کی جیت کا اسکور 11-9، 11-7 اور 11-9 رہا۔

اس فتح کے ساتھ ہی انہوں نے ٹورنامنٹ کے کوارٹر فائنل میں اپنی جگہ پکی کر لی۔ ​​انڈر-15 کیٹیگری میں سحرش علی نے میزبان ملک ملائیشیا کی مضبوط کھلاڑی کوگن کاریشا (Kugan Karesha) کو عبرتناک شکست دی۔

سحرش نے پہلا سیٹ 14-12 کی سخت جدوجہد کے بعد جیتا، جس کے بعد انہوں نے حریف کو سنبھلنے کا موقع نہ دیا اور بقیہ دونوں سیٹس یکطرفہ مقابلے کے بعد اپنے نام کیے۔

ان کی جیت کا اسکور 14-12، 11-4 اور 11-6 رہا۔ ​کامیابیوں کے اس تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے مہوش علی نے بھی سنگاپور کی وونگ این (Wong Anne) کو آؤٹ کلاس کر دیا۔ مہوش نے بہترین کورٹ کرافٹ کا مظاہرہ کرتے ہوئے سنگاپوری کھلاڑی کو 11-8، 11-4 اور 11-6 سے شکست دے کر اگلے مرحلے کے لیے پیش قدمی کی۔

وفاقی سیکرٹری آئی پی سی محی الدین وانی، ​پاکستان سکواش فیڈریشن، پاکستان سپورٹس بورڈ، ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سپورٹس خیبر پختونخوا اور وزیراعظم یوتھ پروگرام سمیت مختلف حلقوں نے علی سسٹرز کی اس غیر معمولی کامیابی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ ان تینوں بہنوں کی محنت اور لگن اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان میں سکواش کا مستقبل روشن ہے۔

شائقینِ کھیل نے امید ظاہر کی ہے کہ علی سسٹرز فائنل جیت کر ملک کے لیے گولڈ میڈل حاصل کریں گی۔

Load Next Story