کراچی میں بارش کے دوران کرنٹ لگنے اور دیوار گرنے سے کمسن بچی سمیت 6 افراد جاں بحق
شہر میں طوفانی ہواؤں کے ساتھ ہونے والی موسلادھار بارش کے دوران کرنٹ لگنے اور دیوار گرنے سے کمسن بچی سمیت 6 افراد جاں بحق اور 3 بچے زخمی ہوگئے، کرنٹ لگنے کے واقعات پی آئی بی کالونی، سائٹ سپرہائیوے، ایم اے جناح روڈ سیون ڈے اسپتال کے قریب اور سرجانی ٹاؤن میں پیش آئے جبکہ دیوار گرنے کے واقعات پاک کالونی اور اورنگی ٹاؤن میں پیش آئے۔
تفصیلات کے مطابق شہر قائد میں جمعرات کو صبح اور دوپہر کے اوقات میں طوفانی ہواؤں کے ساتھ ہونے والی موسلادھار بارش کے دوران پی آئی بی کالونی تھانے کے علاقے پی آئی بی کالونی پوسٹ آفس کوئٹہ ہوٹل کے قریب کرنٹ لگنے سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا جس کی لاش چھیپا ایمبولینس کے ذریعے سول اسپتال منتقل کی گئی۔ متوفی شخص کی شناخت 30 سالہ عبدالولی ولدعبدالباری کے نام سے کی گئی۔
ایس ایچ او رانا اجمل کے مطابق ابتدائی معلومات کے مطابق متوفی شخص بجلی کے کھمبے سے کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہوا ہے، مزید معلومات حاصل کی جا رہی ہیں۔
سائٹ سپر ہائی وے تھانے کے علاقے سپر ہائی وے احسن آباد سیکٹر 3 میں کرنٹ لگنے سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا جس کی لاش ایدھی ایمبولینس کے ذریعے عباسی شہید اسپتال منتقل کی گئی، متوفی شخص کی شناخت 35 سالہ شہاب الدین ولد نذرالدین کے نام سے کی گئی۔
ایس ایچ او محمد نواز کے مطابق متوفی شخص بجلی کا کام جانتا تھا اور ایک دکان میں بجلی کا کام کر رہا تھا کہ اس دوران اسے کرنٹ لگا اور وہ موقع پر جاں بحق ہوگیا، فوری طور پر متوفی کی رہائش معلوم نہ ہو سکی۔
سرجانی ٹاؤن تھانے کے علاقے حسن بروہی گوٹھ گھر میں کرںٹ لگنے سے نوجوان جاں بحق ہوگیا، جس کی لاش ایدھی ایمبولنس کے ذریعے عباسی شہید اسپتال منتقل کی گئی جہاں متوفی نوجوان کی شناخت 23 سالہ سرتاج ولد پونل کے نام سے کی گئی۔
ہیڈ محرر سرجانی ٹاؤن علی خان کے مطابق متوفی نوجوان گھر میں وائرنگ کا کام کر رہا تھا، اس دوران اسے کرنٹ لگا اور وہ موقع پر جاں بحق ہوگیا۔
سرجانی ٹاؤن تھانے کے علاقے سرجانی ٹاؤن سیکٹر سیون اے گھر میں ہی کرنٹ لگنے سے کمسن بچی جاں بحق ہوگئی۔ متوفیہ بچی کی لاش چھیپا ایمبولینس کے ذریعے عباسی شہید اسپتال منتقل کی گئی، متوفیہ کمسن بچی کی شاخت 12 سالہ دعا بتول دختر سرفراز کے نام سے کی گئی۔
سرجانی ٹاؤن پولیس کے مطابق متوفیہ بچی گھر میں بجلی کی تاروں سے کرںٹ لگنے سے جاں بحق ہوئی ہے، اس حوالے سے پولیس مزید معلومات بھی حاصل کر رہی ہے۔
حادثے کے بعد ریسکیو 1122 کا عملہ موقع پر پہنچ گیا اور ریسکیو 1122 کے عملے گرنے والی دیوار کا ملبہ ہٹھانے کا کام شروع کر دیا، حادثے میں جاں بحق ہونے والے رکشہ ڈرائیور کی شناخت 50 سالہ ارشاد علی ولد رفیق علی کے نام سے کی گئی۔ پاک کالونی پولیس نے مطابق متوفی رکشہ ڈرائیور اس ہی علاقے کا رہائشی تھا۔
اورنگی ٹاؤن اجتماع گاہ مدینہ ہوٹل کے قریب گھر کی دیوار گرنے سے 3 بچے زخمی ہوگئے جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا۔ زخمی بچوں کی شناخت 7 سالہ رحمان ولد شاہ نواز، 13 سالہ قاسم ولد عبدالحمید اور 14 امیر معاویہ ولد شفیق الرحمان کے نام سے کی گئی۔