تیل بحران پر شوبز شخصیات میدان میں، شہریوں سے ایندھن بچانے کی اپیل
مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے باعث تیل کی قیمتوں میں اضافے نے پاکستان میں بھی دباؤ بڑھا دیا ہے، جس کے پیشِ نظر ملک کی معروف شخصیات نے عوام کو ایندھن کے محتاط استعمال کا پیغام دینا شروع کردیا ہے۔
مشہور و معروف شوبز شخصیات اور کھلاڑی اس سلسلے میں عوام کو مشورہ دیتے نظر آئے جن میں بشریٰ انصاری اور شاہد آفریدی سمیت کئی نمایاں چہرے شامل ہیں۔
ان شخصیات نے ٹیلی ویژن پر نشر ہونے والے خصوصی پیغامات میں حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی فراہمی یقینی بنانے کی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ مشکل حالات میں یہ اقدامات قابلِ قدر ہیں۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ عوام بھی ذمے داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے حکومت کا ساتھ دیں اور ایندھن کے استعمال میں احتیاط برتیں۔
اپنے پیغامات میں انہوں نے غیر ضروری سفر سے گریز، گاڑیوں کا مشترکہ استعمال (کار پولنگ) اور رائیڈ شیئرنگ ایپس کے استعمال کو فروغ دینے کی تلقین کی۔ ان کے مطابق روزمرہ زندگی میں چھوٹی چھوٹی تبدیلیاں بھی مجموعی طور پر بڑے مثبت نتائج دے سکتی ہیں۔
شوبز اور اسپورٹس سے تعلق رکھنے والی ان شخصیات نے کہا کہ موجودہ صورتحال قومی یکجہتی اور مشترکہ ذمے داری کا تقاضا کرتی ہے۔ اگر ہر فرد شعور کا مظاہرہ کرے اور وسائل کے ضیاع سے بچے تو ملک پر پڑنے والا دباؤ کم کیا جا سکتا ہے۔
ان پیغامات کا مقصد صرف آگاہی فراہم کرنا نہیں بلکہ عوام میں تعاون، شعور اور ذمہ داری کا احساس پیدا کرنا بھی ہے تاکہ اس مشکل وقت میں اجتماعی طور پر حالات کا مقابلہ کیا جا سکے۔