ہیومن رائٹس کونسل کا پیٹرولیم قیمتوں میں اضافے پر تشویش کا اظہار

حکومت اس فیصلے پر فوری نظرثانی کرے، ہیومن رائٹس کونسل

ہیومن رائٹس کونسل آف پاکستان نے پٹرول و ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

ہیومن رائٹس کونسل آف پاکستان کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ کونسل حکومتِ پاکستان کی جانب سے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں حالیہ اضافے پر سخت تشویش اور اصولی اعتراض کا اظہار کرتی ہے۔ پیٹرولیم مصنوعات کو تاریخ کی بلند ترین سطح پر لے جانے کا یہ فیصلہ ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب عوام پہلے ہی شدید مہنگائی اور معاشی دباؤ کا سامنا کر رہے ہیں، جس کے نتیجے میں عام شہری کی قوتِ خرید مزید متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

ہیومن رائٹس کونسل آف پاکستان اس مؤقف کی بھی نشاندہی کرتی ہے کہ علاقائی یا عالمی کشیدگی کو بنیاد بنا کر قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ کرنا مناسب جواز فراہم نہیں کرتا، خصوصاً اس تناظر میں کہ عالمی منڈی میں تیل کی ترسیل مکمل طور پر منقطع نہیں ہوئی اور ملک کے پاس توانائی کے متبادل ذرائع موجود ہیں۔ اس کے باوجود قیمتوں میں اس سطح کا اضافہ پالیسی شفافیت اور عوامی مفاد کے تقاضوں سے ہم آہنگ دکھائی نہیں دیتا۔

بیان میں کہا گیا کہ یہ اقدام نہ صرف مہنگائی کے دباؤ میں مزید شدت پیدا کرے گا بلکہ ٹرانسپورٹ، اشیائے ضروریہ اور خدمات کے شعبوں میں اضافی بوجھ کے ذریعے عام آدمی کی روزمرہ زندگی کو براہِ راست متاثر کرے گا، جو بنیادی انسانی حقوق، بالخصوص باوقار معیارِ زندگی، پر منفی اثرات مرتب کرتا ہے۔

ہیومن رائٹس کونسل آف پاکستان حکومت سے مطالبہ کرتی ہے کہ وہ اس فیصلے پر فوری نظرثانی کرے، عوام کو قابلِ عمل ریلیف فراہم کرے اور پیٹرولیم قیمتوں کے تعین کے عمل میں شفافیت اور جوابدہی کو یقینی بنائے۔ بصورت دیگر بڑھتا ہوا عوامی اضطراب سماجی و معاشی عدم استحکام کو جنم دے سکتا ہے جس کی ذمہ داری براہِ راست پالیسی سازوں پر عائد ہوگی۔

Load Next Story