قلیل مدت میں پاکستان کی پہلی جدید ترین نیشنل فرانزک ایجنسی مکمل فعال
قلیل مدت میں پاکستان کی پہلی جدید ترین نیشنل فرانزک ایجنسی مکمل فعال ہوگئی اور اس حوالے سے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے نیشنل فرانزک ایجنسی کا دورہ کیا۔
وزیر داخلہ نے نیشنل فرانزک ایجنسی میں قائم ریسرچ اینڈ انوویشن لیب، ڈیجیٹل فرانزک لیب، نارکوٹکس لیب، فنٹیک لیب اور کوایشچن ایبل ڈاکومنٹ لیب کا دورہ کیا۔
وزیر داخلہ نے ڈی این اے، فائر آرمز، سیرولوجی اور ایکسپلوسیو رومز کا بھی معائنہ کیا جبکہ انہوں نے قلیل مدت میں ایجنسی کو مکمل طور پر آپریشنل کرنے پر پوری ٹیم کو سراہا۔
محسن نقوی نے کہا کہ نیشنل فرانزک ایجنسی کا قیام موجودہ دور کا انتہائی اہم تقاضا تھا، اس ادارے کے قیام سے نیشنل سیکیورٹی کے معاملات اور جرائم کی سرکوبی میں معاونت ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ نیشنل فرانزک ایجنسی اسٹیٹ آف دی آرٹ سروسز مہیا کی جا رہی ہیں جو دیگر اداروں کے پاس نا ہیں، نیشنل فرانزک ایجنسی تمام صوبوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو معاونت فراہم کرے گی۔
محسن نقوی نے کہا کہ یہ ادارہ اب پاکستان میں بین الاقوامی معیار کی سروسز اور تجزیے فراہم کرے گا، ایجنسی کی جانب سے فراہم کی جانے والی سروسز کی بھر پور طریقے سے تشہیر کی جائے تاکہ تمام ادارے ان سے مستفید ہو سکیں۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے موک کرائم سین یونٹ کا بھی دورہ۔ انہوں نے ایجنسی میں زیر تربیت اے ایس پیز سے ٹریننگ کورس کے حوالے سے دریافت کیا۔ محسن نقوی نے کہا کہ تربیتی کورس افسران کو پورے کیریئر میں معاونت فراہم کرے گا۔
ڈی جی نیشنل فرانزک ایجنسی حسنات رسول نے وزیر داخلہ کو ادارے کے متعلق بریفنگ دی جس میں بتایا گیا کہ نیشنل فرانزک ایجنسی کا پہلا فیز مکمل ہو چکا ہے۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ ڈیجیٹل فرانزکس کے شعبے میں ڈیپ فیک فرانزکس، کمپیوٹر و موبائل فرانزکس، آڈیو ویڈیو، نیٹ ورک اور ڈرون فرانزکس کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، ایک سال میں 1500 ڈیجیٹل فرانزک کے کیسز کی رپورٹ مرتب کی گئی ہے۔
بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ نیشنل فرانزک ایجنسی کے دوسرے فیز پر جلد کام کا آغاز کر دیا جائے گا، دوسرے مرحلے میں 25 اسپیشلائزڈ لیبز کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔
ڈی جی اے این ایف، ڈی جی ایف آئی اے، ڈی جی این سی سی آئی اے اور آئی جی اسلام آباد پولیس اور دیگر حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔