کاہنہ خیابان جناح میں پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان مقابلے کی ویڈیو سامنے آگئی
کاہنہ خیابان جناح میں پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان مقابلے کی ویڈیو سامنے آگئی۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ خیابان جناح چوک میں ڈاکوؤں اور سی سی ڈی کے درمیان سرعام فائرنگ ہوتی رہی، فائرنگ کے دوران راہ گیر خوفزدہ ہوکر بھاگنے لگے، مرکزی شاہراہ پر چلتی گاڑیاں گولیوں کی زد سے بچنے کے لیے واپس پلٹتی رہیں۔
ذرائع کے مطابق ڈاکوؤں نے پولیس کی جانب سے گاڑی روکتے ہی فائرنگ کردی جس پر سی سی ڈی اہلکاروں نے جوابی فائرنگ کی، پولیس مقابلے میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے کانسٹیبل رزاق ڈوگر شہید ہوا، پولیس کی فائرنگ سے دو ڈاکو ہلاک ہوگئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ڈاکوؤں کی ساتھی خاتون رابعہ کو بھی گرفتار کرلیا گیا ہے، ڈکیت گینگ کی گاڑی شیخوپورہ میں واردات کے بعد لاہور میں ٹریس ہوئی، ڈاکوؤں کی ساتھی خاتون دوران فائرنگ میگزین لوڈ کرکے دیتی رہی۔