بیرون ملک مقیم پاکستانی یوٹیوبرز پر ٹیکس کی شرح میں اضافے پر غور
بیرون ملک مقیم پاکستانی یوٹیوبرز پر ٹیکس کی شرح بڑھانے پر غور کیا جارہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق حکومت بیرون ملک مقیم پاکستانی یوٹیوبرز پر ٹیکس کی شرح بڑھانے پر غور کررہی ہے جس میں یوٹیوبرز کی ویڈیوز پر 1 ہزار ویوز پر 195 روپے کی وصولی کی جائے گی۔
انکم ٹیکس کی مجوزہ شرح ویڈیو کے ہر 1,000 ویوز پر کمائے گئے ہر سینٹ یا ڈالر کی موجودہ قدر پر منحصر ہوگی۔ ایف بی آر نے انکم ٹیکس رولز میں یہ ترامیم کی تجویز دی ہے اور ان ترامیم پر اعتراضات کے لیے سات دن کی مہلت دی ہے۔
علاوہ ازیں وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کو ان قواعد میں تبدیلی کے لیے دستیاب خصوصی اختیارات کو بروئے کار لاتے ہوئے خصوصی طریقہ کار پر بھی مطلع کیا گیا ہے۔
ترامیم میں کہا گیا ہے کہ وزیر خزانہ کی منظوری سے سرکاری گزٹ میں نوٹیفکیشن کے ذریعے ایف بی آر ٹیکس کی دائرہ کار اور ادائیگی، ریکارڈ رکھنے، ریٹرن فائل کرنے اور اسیسمنٹ کے لیے خصوصی طریقہ کار تجویز کر سکتا ہے۔
ایف بی آر نے تجویز دی ہے کہ وہ یوٹیوب پر شیئر کی جانے والی ویڈیو پر 195 روپے "فی 1,000 ویوز پر چارج کرے گا اور اس پر وقتاً فوقتاً نظر ثانی کی جائے گی۔ فی الحال پاکستانی ویڈیوز پر فی ہزار آمدنی پر 1 ڈالر سے 3 ڈالر تک چارج کیا جاتا ہے لیکن اگر ناظرین امریکا اور کینیڈا میں ہیں تو یہ 9 ڈالر تک بڑھ سکتے ہیں۔
پاکستان سے حاصل ہونے والی آمدنی پر 195 روپے فی 1,000 ویوز 16 فیصد سے 66 فیصد شرح تک ہیں۔ واضح رہے کہ اس طرح کے اقدام کو یوٹیوب انتظامیہ کے فعال تعاون کے بغیر نافذ نہیں کیا جا سکتا۔