جے یو آئی کے امیدوار نور عالم خان کی کامیابی برقرار، الیکشن ٹریبونل نے فیصلہ جاری کردیا

تحریک انصاف کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار کی درخواست کو الیکشن ٹریبونل نے خارج کردیا

فوٹو فائل

الیکشن ٹربیونل نے  قومی اسمبلی  کی حلقہ این اے 28 پشاور ون کے انتخابی نتائج کے خلاف دائر عذردای خارج کرتے ہوئے  جے یو آئی کے امیدوار نورعالم خان کی کامیابی کو درست قرار دے دیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق الیکشن ٹربیونل کے جج جسٹس ریٹائرڈ لعل جان خٹک نے پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار ساجد نواز کی انتخابی عذردای پر سماعت کی۔

پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار نے موقف اختیار کیا تھا کہ 8 فروری کے الیکشن میں انہوں نے کامیابی حاصل کی تھی اور اس کے پاس فارم 45 کے نتائج موجود ہیں۔

انہوں نے عام انتخابات میں ایک لاکھ سے زائد ووٹ حاصل کئے تھے تاہم فارم 47 میں ان کے ووٹوں کو کم کیا گیا اور الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اس کے مخالف امیدوار جے یو ائی کے نورعالم کی کامیابی کا اعلامیہ جاری کیا ہے جو کہ درست نہیں ہے۔

دوسری جانب نور عالم کے وکیل بیرسٹر یاسین رضا نے عدالت کوبتایا کہ درخواست گزار نے الیکشن پٹیشن مقررہ وقت کے بعد دائر کی ہے اور انہوں نے اپنی رٹ پٹیشن کے ساتھ دیر سے اپیل دائر کرنے میں رعایت دینے کی درخواست بھی جمع  کی ہے جبکہ آئین اور قانون میں مقررہ وقت کے بعد درخواست دائر کرنے کی کوئی حیثیت موجود نہیں۔

انہوں نے عدالت کو بتایا کہ درخواست گزار نے مخالف امیدوار کی کامیابی کو مقررہ وقت کے 4 دن بعد چیلنج کیا ہے جبکہ الیکشن ایکٹ میں واضح ہے کہ کسی امیدوار کی کامیابی کو الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے امیدوار کی کامیابی کا اعلامیہ جاری کرنے کے دن سے 45 روز تک چیلنج کیا جا سکتا ہے۔

وکیل صفائی نے کہا کہ اگر مقررہ وقت گزر جائے تو اس کے بعد اس کی الیکشن پٹیشن کی کوئی حیثیت نہیں اور درخواست گزار نے اپنی پیٹیشن کے دیر سے درخواست دائر پر رعایت دینے کی استدعا خود بھی  کی ہے جس میں وہ خود تسلیم کررہے ہیں کہ انہوں نے مقررہ وقت میں الیکشن ٹریبونل سے رجوع نہیں کیا اس لئے اس پٹیشن کی کوئی حیثیت نہیں۔

وکیل نے کہا کہ جب درخواست گزار خود اپنی غلطی تسلیم کررہا ہے تو اس پٹیشن کو خارج کیا جائے مقررہ وقت کے بعد کسی بھی درخواست کو عدالت قابل سماعت قرار نہیں دے سکتی۔

الیکشن ٹریبونل نے دلائل مکمل ہونے کے بعد این اے 28 پشاور ون سے ساجد نواز کی الیکشن پٹیشن خارج کردی اور نورعالم کی کامیابی کو درست قرار دیا۔
 

Load Next Story