پنجاب، خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں 6.3 شدت کا زلزلہ، 2 زخمی

زلزلے کی زیر زمین گہرائی 190 کلومیٹر جبکہ مرکز افغانستان کوہ ہندو کش تھا، زلزلہ پیما مرکز

فوٹو: فائل

اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف علاقوں 6.3 زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں، خیبرپختونخوا میں خواتین سمیت 2 افراد زخمی ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد، خیبرپختونخوا اور پنجاب کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے جس کے باعث عوام خوفزدہ ہوگئے۔

زلزلہ پیما مرکز کے مطابق ریکٹر اسکیل پر شدت 6.3 ریکارڈ کی گئی جبکہ زیر زمین گہرائی 190 کلومیٹر اور مرکز کوہ ہندوکش افغانستان میں تھا۔

زلزلے کے جھٹکے اسلام آباد، چترال، پشاور، سوات، شانگلہ، چترال اور لاہور سمیت مختلف مقامات پر محسوس ہوئے۔

خیبرپختونخوا میں 6 افراد اسپتال منتقل

خیبرپختونخوا کے ضلع بونیر میں زلزلے کے نتیجے میں 6 افراد کو اسپتال منتقل کیا گیا۔ بونیر میں پانچ خواتین اور 1 مرد کو اسپتال لایا گیا جن میں سے دو کو چوٹیں آئیں تاہم حالت خطرے سے باہر ہے۔

ان میں سے ایک مریض کی ٹانگ میں ملبہ گرنے کی وجہ سے فریکچر بھی ہوا جو اسپتال میں زیر علاج ہے۔

آئی جی اسلام آباد علی ناصر رضوی نے تمام افسران کو اپنے علاقوں میں صورتحال کا جائزہ لینے کا حکم دیا اور ہدایت کی کہ کسی علاقے میں کوئی واقعہ پیش آیا ہو تو فوری مدد کی جائے۔ تمام افسران اپنے علاقوں کی رپورٹ فوری بھجوائیں۔

اُدھر پی ڈی ایم اے کے ترجمان نے بتایا کہ پنجاب میں زلزلے کے باعث کوئی جانی یا مالی نقصان رپورٹ نہیں ہوا، لاہور، میانوالی، جھنگ، فیصل آباد، راولپنڈی، پوٹھوہار ریجن سرگودھا اور دیگر اضلاع میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔

انہوں نے بتایا کہ پی ٹی ایم اے کا صوبائی کنٹرول روم اور پنجاب کے ضلعی ایمرجنسی سینٹر فعال ہیں، نقصانات کی اطلاع ہیلپ لائن 1129 پر دی جاسکتی ہے۔

Load Next Story