آپریشن وعدہ حق 4 کی 93 ویں لہر، ایران کا اسرائیلی فوجی سینٹر پرحملہ

مغربی جلیل، حیفہ، کفر کنا اور کریوت میں صہیونی افواج کے مرکزاور جنگی سپورٹ سینٹرز انتہائی مہارت سے نشانہ بنائے گئے

فوٹو: ایرانی میڈیا

ایران اور اس کی اتحادی مزاحمتی فورسز نے امریکا اور اسرائیل کی جارحیت کے خلاف جوابی آپریشن وعدہ حق 4 کی 93ویں لہر کے دوران فلسطین کے مقبوضہ علاقوں کے اندر موجود اسرائیلی فوجی اڈوں کو نہایت مہارت کے ساتھ نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔

ایران کی پاسداران انقلاب کی جانب سے جاری بیان کے مطابق آپریشن وعدہ حق 4 کی 93ویں لہر کے دوران جمعے کی دوپہر کو مقبوضہ علاقوں کے شمالی حصوں اور مرکزی علاقوں میں موجود اسرائیلی اہداف کے خلاف کارروائی انجام دی گئی اور اسے حزب اللہ کے شہید سربراہ حسن نصراللہ اور حماس کے شہید بانی شیخ احمد یاسین کے نام منسوب کیا گیا۔

بیان میں کہا گیا کہ اس شدید حملے کے دوران مغربی جلیل، حیفہ، کفر کنا اور کریوت میں صہیونی افواج کے جمع ہونے کے مقام اور جنگی سپورٹ سینٹرز کو انتہائی مہارت کے ساتھ نشانہ بنایا گیا۔

آپریشن کے حوالے سے بیان میں کہا گیا کہ آپریشن وعدہ حق کی یہ لہر اتحادی مزاحمتی تحریکوں کے ساتھ مشترکہ کارروائی کے طور پر مکمل کی گئی، جس میں ٹھوس اور مائع ایندھن والے میزائلوں، طویل فاصلے تک مار کرنے والے اور گائیڈڈ ہتھیاروں، اور خودکش ڈرونز کو ایک ساتھ استعمال کیا گیا۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ ڈرونز اور میزائل حملوں کا یہ سلسلہ مسلسل اور بغیر کسی وقفے کے اور ایک کے بعد ایک جاری رہے گا۔

Load Next Story