ایران نے 48 گھنٹےکی جنگ بندی کی امریکی تجویز مسترد کر دی
ایران نے امریکا کی جانب سے دی گئی 48 گھنٹے کی جنگ بندی کی تجویز مسترد کر دی ہے جس کے بعد خطے میں کشیدگی میں مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
ایرانی میڈیا نے ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ جنگ بندی کی یہ تجویز بدھ کے روز ایک تیسرے ملک کے ذریعے ایران تک پہنچائی گئی، تاہم اس ملک کا نام ظاہر نہیں کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق ایرانی حکام نے اس پیشکش کو قبول کرنے سے انکار کر دیا۔
دوسری جانب امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ نے رپورٹ کیا ہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان جنگ بندی کے لیے پاکستان کی قیادت میں جاری علاقائی سفارتی کوششوں کا حالیہ دور اختتام کو پہنچ گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق ایران نے اسلام آباد میں امریکی حکام سے ملاقات پر بھی آمادگی ظاہر نہیں کی۔
ثالثی ذرائع کے مطابق ایران نے باضابطہ طور پر آگاہ کیا ہے کہ وہ آئندہ دنوں میں اسلام آباد میں امریکی وفد سے مذاکرات کے لیے تیار نہیں جس سے سفارتی عمل کو دھچکا پہنچا ہے۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ ایران کی جانب سے جنگ بندی کی تجویز مسترد کیے جانے اور مذاکرات سے گریز کے بعد خطے میں صورتحال مزید پیچیدہ ہو سکتی ہے، جبکہ کشیدگی کم کرنے کی عالمی کوششوں کو بھی نقصان پہنچ سکتا ہے۔