ہری پور: شادی سے انکار پر فائرنگ سے خاتون قتل، ملزم کی خودکشی کی کوشش
ہزارہ موٹر وے پر دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا جہاں ایک شادی شدہ مرد نے خاتون کی جانب سے شادی سے انکار پر کار کے اندر فائرنگ کر کے اسے قتل کر دیا، بعد ازاں ملزم نے خود کو بھی گولی مار کر خودکشی کی کوشش کی۔
پولیس کے مطابق واقعہ تھانہ کوٹ نجیب اللہ کی حدود میں پیش آیا، جہاں اسلام آباد سے ایبٹ آباد واپسی کے دوران گاڑی میں ملزم نے خاتون کو نشانہ بنایا۔ مقتولہ کی شناخت 25 سالہ انیلہ کے نام سے ہوئی ہے جو ایبٹ آباد کی رہائشی تھیں۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق مانسہرہ کے رہائشی ملزم شہزاد نے خاتون کے شادی سے انکار پر طیش میں آ کر کار کے اندر فائرنگ کی۔ واقعے کے وقت مقتولہ کی والدہ بھی گاڑی میں موجود تھیں تاہم وہ محفوظ رہیں۔ والدہ کے بیان کے مطابق ملزم نے انیلہ کو قریب سے گولیاں ماریں۔
واقعے کے بعد ملزم شہزاد نے اپنے گلے میں گولی مار کر خودکشی کی کوشش کی، جس کے باعث وہ شدید زخمی ہو گیا۔ اسے فوری طور پر ٹراما سنٹر منتقل کیا گیا جہاں ابتدائی طبی امداد کے بعد تشویشناک حالت میں ایبٹ آباد کے ایوب میڈیکل کمپلیکس اسپتال ریفر کر دیا گیا۔
موٹر وے پولیس نے مقتولہ کی لاش کو آر ایچ سی منتقل کر دیا جبکہ تھانہ کوٹ نجیب اللہ پولیس نے موقع پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کر لیے ہیں۔ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔