مشرق وسطیٰ کشیدگی: پاکستان میں فلائٹ آپریشن متاثر، 64 پروازیں منسوخ
مشرق وسطیٰ کی کشیدہ صورتحال کے باعث پاکستان میں فلائٹ آپریشن بری طرح متاثر ہے، سب سے زیادہ پروازیں کراچی ایئرپورٹ سے منسوخ کی گئیں۔
ذرائع کے مطابق آج ملک کے 5 بین الاقوامی ایئرپورٹس سے مشرق وسطیٰ کے مختلف شہروں کے لیے دوطرفہ 64 پروازیں منسوخ ہوئیں، جن میں پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز، ایئربلو، ایر عربیہ، ایران ایئر اور قطر ایئرویز سمیت دیگر ایئرلائنز شامل ہیں۔
تفصیلات کے مطابق کراچی ایئرپورٹ سے ابوظہبی، کویت، جدہ، دمام، شارجہ، مدینہ، مسقط، ریاض، نجف، بحرین اور دبئی کے لیے 20 دوطرفہ پروازیں منسوخ ہوئیں۔
اسلام آباد ایئرپورٹ سے بھی 20 پروازیں متاثر ہوئیں، جن میں شارجہ، ابوظہبی، دبئی، بحرین، ریاض، دمام اور دوحہ کی پروازیں شامل ہیں۔
لاہور ایئرپورٹ پر ابوظہبی اور دبئی سیکٹر کی 6 پروازیں منسوخ کی گئیں، جبکہ پشاور ایئرپورٹ سے دبئی، دوحہ، شارجہ اور ابوظہبی کے لیے 8 پروازیں متاثر ہوئیں۔ اسی طرح ملتان ایئرپورٹ سے دبئی کے لیے 2 پروازیں منسوخ کی گئیں۔
گزشتہ 35 دنوں کے دوران پاکستان سے مشرق وسطیٰ جانے والی منسوخ پروازوں کی مجموعی تعداد 2706 تک پہنچ چکی ہے۔