لاہور: ساندہ میں بیوی پر تشدد کا واقعہ، مقدمہ درج، تمام ملزمان گرفتار
ساندہ میں بیوی پر تشدد کے واقعے کا مقدمہ درج کر کے پولیس نے تمام ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
ڈی آئی جی آپریشنز نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے اقبال ٹاؤن کے ایس پی کو فوری کارروائی کا حکم دیا۔
پولیس کے مطابق مرکزی ملزم آصف کو اس کے بہنوئی امجد اور احمد سمیت حراست میں لے لیا گیا ہے، جبکہ واقعے میں ملوث تمام افراد کے خلاف قانونی کارروائی جاری ہے۔ ملزمان کے خلاف مقدمہ نمبر 644/26 درج کر کے باقاعدہ تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز کا کہنا ہے کہ متاثرہ خاتون کو ہر ممکن قانونی تحفظ فراہم کیا جا رہا ہے اور اس کا میڈیکل کروا کر شواہد کی بنیاد پر کیس کو مزید مضبوط بنایا جا رہا ہے۔
پولیس کے مطابق خواتین پر تشدد کے واقعات ہرگز برداشت نہیں کیے جائیں گے اور زیرو ٹالرنس پالیسی پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا، جبکہ عورتوں پر تشدد کرنے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں۔