اپر کوہستان مالیاتی سکینڈل میں مزید پیش رفت سامنے آگئی
اپر کوہستان مالیاتی اسکینڈل میں مزید پیش رفت سامنے آگئی ہے۔ چار بے نامی داروں کے اثاثے منجمند کرنے سے متعلق نیب کی درخواست پر احتساب جج محمد حامد مغل نے اثاثے منجمند کرنے کی توثیق کردی۔
عدالت نے ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کو منجمند اثاثے تحویل میں لینے کا حکم دے دیا۔ نیب اسپیشل پراسیکیوٹر حبیب اللہ بیگ کے مطابق عمر فاروق، محمد ایاز، محمد عمر اور عبدالحنان بے نامی دار ہیں۔
اسپیشل پراسیکیوٹر کے مطابق سکینڈل میں نامزد تین ملزمان نے مذکورہ بے نامی داروں کے نام پر اثاثے بنائے ہیں، جبکہ بے نامی داروں کے نام اسلام آباد کے مختلف سیکٹرز میں پلاٹس اور گھر خریدے گئے۔
نیب پراسیکیوٹر کے مطابق ڈی جی نیب نے 18 مارچ کو مذکورہ بے نامی داروں کے اثاثے منجمند کردیے تھے، عدالت سے ڈی جی نیب کے احکامات کی توثیق کی استدعا ہے۔