ایران کی جانب سے امریکی طیارے مار گرانے کا سلسلہ جاری، مجموعی تعداد 7 ہوگئی

عراق میں 12 مارچ کو ری فیولنگ جہاز کے حادثے میں 6 امریکی فوجی ہلاک ہوئے تھے، رپورٹ

فوٹو: فائل

امریکا کو ایران کے خلاف جنگ میں بھاری نقصان کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اور 28 فروری کو شروع ہونے تنازع میں اب تک مختلف واقعات میں 7 جنگی طیارے تباہ ہوگئے ہیں۔

امریکی نشریاتی ادارے (سی این این) کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز ایران نے مختلف واقعات میں امریکی ایئرفورس کا ایف-15 اور ایک اے-10 طیارہ مار گرایا، جس کے بعد اس جنگ میں اب تک تباہ ہونے والے امریکی طیاروں کی تعداد 7 ہوگئی ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ گزشتہ ماہ 2 مارچ کو کویت میں اس وقت امریکی فضائیہ کو نقصان اٹھانا پڑا جب کویتی ایئرڈیفنس نے امریکا کے 3 ایف-15 طیارے ‘فرینڈلی فائر’ کے دوران مار گرائے تھے تاہم طیاروں میں موجود پائلٹ سمیت عملے کے 6 ارکان بحفاظت اتر گئے تھے۔

امریکی سیکریٹری دفاع پیٹ ہیگزیتھ نے رواں ہفتے ایک بیان میں کہا تھا کہ تین پائلٹ ایران کے خلاف کارروائیوں میں حصہ لینے کے لیے واپس پہنچ گئے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق 12 مارچ کو امریکی کا سی- 135 جیٹ ٹینکر(ری فیولنگ جیٹ) عراق میں گر کر تباہ ہوا تھا، جس میں عملے کے 6 افراد بھی ہلاک ہوئے تھے، امریکی فوج نے بیان میں کہا تھا کہ ری فیولنگ جہاز کو دشمن ملک یا فرینڈلی فائر میں نہیں گرایا گیا۔

فوج نے کہا تھا کہ آپریشن ایپک فیوری کے دوران ری فیولنگ جہاز کا حادثہ دوسرے جہاز سے ٹکرانے کی وجہ سے پیش آیا تھا جبکہ دوسرا جہاز بحفاظت لینڈ کر گیا۔

سی این این کے مطابق ایران نے 27 مارچ کو سعودی عرب میں پرنس سلطان ایئربیسن پر حملہ کیا تھا، جس میں امریکی فضائیہ ای-3 سینٹری ایئربورن تباہ ہوگیا تھا، جس کی تصاویر بھی میڈیا نے حاصل کرلی تھیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ اس حملے میں امریکی فوج کے 10 اہلکار زخمی ہوئے تھے اور ہلاکت کی رپورٹ نہیں آئی تھی تاہم ذرائع نے بتایا تھا کہ اس حملے میں امریکی فضائیہ کا ٹینکر ایئرکرافٹ کو بھی نقصان پہنچا تھا۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ گزشتہ ماہ ایک اور کارروائی میں ایک امریکی ایف-35 نے مشرق وسطیٰ میں ہنگامی لینڈنگ کی تھی، تاہم ذرائع نے بتایا تھا کہ ایرانی فائر لگنے کے بعد طیارےکو ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی تھی۔

Load Next Story