کراچی، شہر میں پولیس مقابلے، 2 زخمیوں سمیت 3 ملزمان گرفتار
ایم اے جناح روڈ پر پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان مبینہ فائرنگ کے تبادلے کے بعد دو ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔
ایس ایچ او جمشید کوارٹر کے مطابق ایم اے جناح روڈ اسلامیہ کالج کے قریب پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان مقابلہ ہوا، جس کے دوران دو ملزمان ساجد ولد رحمان اور سلیم ولد خیراللہ خان کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔
پولیس نے ملزمان کے قبضے سے پستول، گولیاں اور موٹر سائیکل بھی برآمد کرلی، جبکہ زخمی ملزمان کو طبی امداد کیلئے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے ۔
دوسری جانب ڈسٹرکٹ ویسٹ کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے زیادتی کے مقدمے میں مطلوب ملزم کو مقابلے کے بعد گرفتار کرلیا۔
ایس ایس پی ویسٹ کے مطابق پولیس کو مطلوب ملزم کی گرفتاری کے لیے کارروائی کے دوران ملزم کی جانب سے فائرنگ کا سامنا کرنا پڑا، جس پر پولیس نے حکمت عملی کے تحت جوابی کارروائی کرتے ہوئے ملزم رحیم ولد سید اظہر کو گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزم نے ہفتے کے روز 15 سالہ بچے کے ساتھ زیادتی کی تھی، جس کا مقدمہ متاثرہ بچے کے والد کی مدعیت میں تھانہ اورنگی میں درج کیا گیا تھا۔
ایس ایس پی ویسٹ کا کہنا ہے کہ ملزم پیشہ ور اسٹریٹ کرمنل ہے، مقابلے میں استعمال ہونے والا اسلحہ بھی برآمد کرلیا گیا ہے۔
ملزم کے خلاف ضابطے کے تحت مقدمات درج کرکے مزید تفتیش کا آغاز کردیا گیا ہے۔ تاہم پولیس ریکارڈ کے مطابق ملزم اس سے قبل بھی ڈکیتی، اقدام قتل اور دیگر سنگین جرائم میں ملوث رہا ہے اور مختلف مقدمات میں گرفتار ہوکر جیل جاچکا ہے۔