وفاقی وزیر داخلہ کی رائیونڈ میں عالمی تبلیغی مرکز آمد، بھارت اور بنگلہ دیش سے آئے اکابرین سے ملاقات

غیر ملکی اکابرین نے ویزوں کے اجراء میں بھرپور تعاون پر وزیر داخلہ محسن نقوی کا شکریہ ادا کیا

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے رائیونڈ میں عالمی تبلیغی مرکز میں بھارت اور بنگلہ دیش سے آئے اکابرین سے ملاقات کی۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے دین اسلام کی سربلندی کیلئے تبلیغی جماعت کے اکابرین کی گراں قدر خدمات کو سراہا۔ غیر ملکی اکابرین نے ویزوں کے اجراء میں بھرپور تعاون پر وزیر داخلہ محسن نقوی کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وزارت داخلہ کے بے پایاں تعاون کے باعث اس بار ویزوں کا کوئی ایشو نہیں ہوا۔ ہم سب کو آپ کی وجہ سے بہت زیادہ سہولت ملی۔ اللہ تعالٰیٰ آپ کو  انسانیت کی خدمت کی مزید توفیق دے۔

بنگلہ دیش کے اکابرین نے وزیر داخلہ محسن نقوی کو بنگلہ دیش میں عالمی تبلیغی اجتماع میں شرکت کی دعوت دی۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ سالانہ اجتماع کے انعقاد میں بھی وزارت  داخلہ کی جانب سے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا اور غیر ملکی وفود کو ویزا کے حصول میں مکمل سہولت فراہم کی جائے گی اوررواں سال بھی ائیر پورٹس پر اسپیشل کاؤنٹر قائم کیے جائیں گے۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ ‎اسلام کی تبلیغ کیلئے سہولت اور آسانی فراہم کرنا ہمارا فرض ہے اور ثواب کا کام ہے۔دین اسلام کی تبلیغ میں تبلیغی جماعت کے اکابرین کا کردار ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ اس موقع پر امت مسلمہ کے اتحاد شر و باطل کے خاتمے اور حق و سچ کی سر بلندی کے لئے دعا کرائی گئی۔ پاکستان کی سلامتی و ترقی، خوشحالی اور امن کے لئے بھی خصوصی دعا کی گئی۔ ملاقات کرنے والوں میں مولانا امجد فاروق، مولانا عامر، انوار غنی، امتیاز غنی، مولانا مدثر شاہین اور دیگر اکابرین شامل تھے۔

 

Load Next Story