ایران کا 4 امریکی طیارے اور ہیلی کاپٹر تباہ کرنے کا دعویٰ
ایران نے گزشتہ دو روز میں امریکا 7 جنگی طیارے، ہیلی کاپٹر اور ڈرون کو نشانہ بنایا ہے (اے آئی، تصوراتی تصویر)
ایران کے پاسدارانِ انقلاب کے ترجمان نے دعویٰ کیا ہے کہ ایرانی افواج نے صوبہ اصفہان کے جنوبی علاقے میں امریکی فوجی کارروائی کے دوران دو سی 130 طیارے اور دو بلیک ہاک ہیلی کاپٹر تباہ کر دیے۔
ایرانی میڈیا کے مطابق یہ کارروائی اس وقت ہوئی جب امریکی افواج ایک گرائے گئے لڑاکا طیارے کے لاپتا عملے کے رکن کو ریسکیو کرنے کی کوشش کر رہی تھیں۔
اس سے قبل بھی اطلاعات سامنے آئی تھیں کہ اسی آپریشن کے دوران ایک سی 130 طیارہ تباہ ہوا تھا، تاہم اب پاسدارانِ انقلاب نے مزید طیاروں اور ہیلی کاپٹروں کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔
ترجمان کے مطابق ایرانی دفاعی نظام نے امریکی فوجی نقل و حرکت کو بروقت نشانہ بنایا اور دشمن کو بھاری نقصان پہنچایا۔ دوسری جانب اس دعوے پر تاحال امریکی حکام کی جانب سے کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔
ماہرین کے مطابق اگر یہ دعوے درست ثابت ہوتے ہیں تو یہ خطے میں جاری کشیدگی میں مزید اضافہ کر سکتے ہیں، کیونکہ یہ واقعہ امریکا اور ایران کے درمیان براہِ راست فوجی تصادم کو مزید سنگین بنا سکتا ہے۔