لاہور سیشن کورٹ فائرنگ کیس کا معاون ملزم بھی گرفتار
سیشن کورٹ فائرنگ کیس کے معاون ملزم کو بھی گرفتار کرلیا گیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق ڈی آئی جی آپریشنز نے نامزد ملزم گلفام کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دی تھی، اسلام پورہ پولیس خصوصی ٹیم نے ایف آئی آر میں نامزد ملزم گلفام کو گرفتار کیا۔
ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق چند روز قبل عدالت کے احاطے میں اندھا دھند فائرنگ سے پیشی پر آئے سعد اور عثمان شدید زخمی ہوئے تھے، فائرنگ میں ملوث ملزم ندیم کو پولیس نے اسلحہ سمیت موقع پر ہی گرفتار کر لیا تھا، فائرنگ میں زخمی سعد اسپتال میں دم توڑ گیا، مقدمہ قتل میں تبدیل ہو گیا۔
ترجمان کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں سامنے آیا کہ ملزمان نے ذاتی رنجش اور پرانے قتل کے تنازع پر منصوبہ بندی کے تحت حملہ کیا، نامزد ملزم گلفام کو جدید ٹیکنالوجی اور ہیومن انٹیلیجنس کی مدد سے ٹریس کر کے گرفتار کیا گیا، گرفتار ملزم کو مزید تفتیش کے لیے انویسٹیگیشن ونگ کے حوالے کر دیا گیا۔