راولپنڈی کی حدود سے آٹے کے دو ٹرکوں کو تحویل میں لے کر سیل کرنے کے خلاف کیس کی سماعت

عدالت نے فوڈ کنٹرولر اسلام آباد کے اختیارات کے بارے میں تفصیلی رپورٹ 9 اپریل تک طلب کر لی

اسلام آباد ہائیکورٹ میں راولپنڈی کی حدود سے آٹے کے دو ٹرکوں کو تحویل میں لے کر سیل کرنے کے خلاف کیس کی سماعت ہوئی۔عدالت نے فوڈ کنٹرولر اسلام آباد کے اختیارات کے بارے میں تفصیلی رپورٹ 9 اپریل تک طلب کر لی ہے۔

عدالتی حکم کے باوجود ڈی سی اسلام آباد عدالت میں پیش نہیں ہوئے، اسٹیٹ کونسل نے بتایا کہ ڈی سی صاحب دوسری عدالت گئے ہیں۔

عدالت نے فوڈ کنٹرولر کے اقدامات پر سخت برہمی ظاہر کی اور سوال کیا کہ جہاں کارروائی ہوئی وہ راولپنڈی کا دائرہ اختیار تھا، اسلام آباد والا کیسے کاروائی کر سکتا ہے۔

جسٹس راجا انعام امین منہاس نے استفسار کیا کہ نوٹیفائی افسر کون ہے اور کس ضابطے کے تحت یہ کارروائی کی گئی، اور دائرہ اختیار کے بغیر بندے پکڑنے اور جرمانے عائد کرنے کا جواز کیا ہے۔

اسٹیٹ کونسل نے مؤقف پیش کیا کہ فوڈ کنٹرولر اپنے اختیارات کے تحت کارروائی کر سکتا ہے، لیکن عدالت نے کہا کہ ریکارڈ کے ساتھ واضح کریں، زبانی باتیں نہیں چلیں گی۔

عدالت نے وفاقی کابینہ کے آرڈر اور چیف کمشنر کی ڈیلیگیٹ پاور کی تفصیلات طلب کیں اور ہدایت دی کہ گزٹ نوٹیفکیشن پیش کیا جائے، درخواست گزار کی جانب سے راجا علیم عباسی جبکہ اسٹیٹ کونسل کی جانب سے عبد الرحمان عدالت میں پیش ہوئے۔

عدالت نے فوڈ کنٹرولر اسلام آباد کے اختیارات کے بارے میں تفصیلات طلب کرتے ہوئے سماعت 9 اپریل تک ملتوی کر دی۔

Load Next Story