کیل مہاسوں کی اصل وجہ روزمرہ عادات بھی ہوسکتی ہیں
[فائل-فوٹو]
چہرے کی خوبصورتی ہر شخص کی خواہش ہوتی ہے اور اسی مقصد کے لیے لوگ مہنگی کریمیں، لوشنز اور مختلف بیوٹی پروڈکٹس کا سہارا لیتے ہیں۔
تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ بعض اوقات یہی مصنوعات زیادہ استعمال کرنے سے جلد کو فائدے کے بجائے نقصان پہنچتا ہے اور کیل مہاسوں جیسے مسائل جنم لیتے ہیں۔
حقیقت یہ ہے کہ جلد کی صحت کا دارومدار بڑی حد تک ہماری روزمرہ عادات پر ہوتا ہے، جنہیں ہم اکثر نظر انداز کر دیتے ہیں۔
ماہرِین جلد کے مطابق رات کا وقت جلد کی مرمت اور بحالی کے لیے انتہائی اہم ہوتا ہے۔ اس دوران جلد نہ صرف خود کو بہتر بناتی ہے بلکہ لگائی گئی مصنوعات کو بھی مؤثر طریقے سے جذب کرتی ہے۔ لیکن اگر سونے کے دوران کچھ عام غلطیاں کی جائیں تو یہی وقت جلد کے لیے نقصان دہ ثابت ہوسکتا ہے اور مہاسوں میں اضافہ ہو سکتا ہے۔
ماہرین کے مطابق سوتے وقت چند معمولی لاپرواہیاں چہرے کی جلد پر منفی اثر ڈالتی ہیں۔ مثال کے طور پر گندے تکیے کا استعمال، میک اپ صاف کیے بغیر سونا، بالوں میں تیل لگا رہنے دینا یا بار بار استعمال ہونے والا غیر صاف تولیہ چہرے پر لگانا، یہ سب عوامل جلد کے مسام بند کر کے مہاسوں کو بڑھا سکتے ہیں۔
اسی طرح پیٹ کے بل سونا اور بغیر چہرہ دھوئے بستر پر چلے جانا بھی جلد کے مسائل کو بڑھانے کا باعث بن سکتا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر ان چھوٹی چھوٹی عادات کو درست کرلیا جائے تو نہ صرف مہاسوں سے بچاؤ ممکن ہے بلکہ جلد قدرتی طور پر صاف اور صحت مند رہ سکتی ہے۔ اس لیے مہنگی مصنوعات پر انحصار کرنے کے ساتھ ساتھ روزمرہ روٹین کو بہتر بنانا بھی بے حد ضروری ہے۔