گھریلو ناچاقی پر بیوی کو گولی مارنے والا ملزم 2 گھنٹے میں گرفتار
فوٹو: فائل
لوئر مال پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے بیوی کو فائرنگ کرکے زخمی کرنے والے شوہر کو گرفتار کر لیا۔
اطلاع ملتے ہی ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے فوری کارروائی کی ہدایت جاری کی تھی، جس کے بعد ملزم کو 2 گھنٹے کے اندر گرفتار کر لیا گیا۔
پولیس حکام کے مطابق 15 پر فائرنگ کی کال موصول ہوئی، جس پر فوری رسپانس دیا گیا۔ ملزم اویس پطرس نے گھریلو ناچاقی پر اپنی بیوی پر فائرنگ کی، جس میں گولی خاتون کی بائیں ٹانگ پر لگی۔ خاتون کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
ایس پی سٹی کے مطابق ملزم فائرنگ کرنے کے بعد موقع سے فرار ہو گیا تھا، تاہم لوئر مال پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے 2 گھنٹے کے اندر ملزم کو گرفتار کر لیا۔
ایس ایچ او نبیل محسن نے ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو اسلحہ سمیت گرفتار کیا۔ ملزم کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔