2 بچوں کی ماں سے مسافر وین میں اجتماعی زیادتی، جرگہ کرنے والا شخص گرفتار
فوٹو: فائل
2 بچوں کی ماں سے مسافر وین میں اجتماعی زیادتی کے بعد جرگہ کرنے والے شخص کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق راولپنڈی میں 2 بچوں کی ماں سے مسافر ویگن میں اجتماعی زیادتی کا مقدمہ 29 مارچ کو تھانہ روات میں درج کیا گیا تھا اور اس سنگین واقعے میں ملوث مرکزی ملزمان نفیس، صدام گل اور عقیل کو پہلے ہی گرفتار کر رکھا ہے۔
گرفتار ملزم عقیل کے موبائل سے زیادتی کے دوران بنائی گئی ویڈیوز بھی برآمد کر لی گئی ہیں۔ حکام نے ملزمان کے زیر استعمال مسافر ویگن کو بھی قبضہ میں لے لیا ہے جب کہ متاثرہ خاتون کے سیمپلز فرانزک لیبارٹری بھجوا دیے گئے ہیں۔
پولیس ذرائع کے مطابق مزید تحقیقات کے دوران متاثرہ خاتون کی ساس اور نند کو بھی شاملِ تفتیش کیا گیا ہے۔ پولیس نے غیر قانونی جرگہ کرنے والے ملزم اکبر کو بھی تحویل میں لیا ہے جس نے متاثرہ لڑکی کی والدہ کو قانونی کارروائی کرنے سے روکا تھا۔
ملزم اکبر نے غیر قانونی جرگہ منعقد کر کے دراصل ملزمان کو تحفظ فراہم کرنے کی کوشش کی تھی۔ راولپنڈی پولیس کی جانب سے تمام پہلوؤں کا بغور جائزہ لیا جا رہا ہے اور تمام شواہد کو کیس کا حصہ بنایا جا رہا ہے۔