کینیڈا کی وزیر خارجہ انیتا آنند نے کہا ہے کہ انہوں نے پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے ٹیلیفونک رابطہ کیا، جس میں مشرق وسطیٰ کی موجودہ صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے بیان میں انیتا آنند نے بتایا کہ اس گفتگو کے دوران اسحاق ڈار نے جنگ بندی مذاکرات میں پیش رفت سے آگاہ کیا۔
کینیڈین وزیر خارجہ نے ان کوششوں کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ کینیڈا امن کے قیام کے لیے جاری سفارتی اقدامات کی مکمل تائید کرتا ہے۔
انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ خطے میں شہریوں کی جان و مال کا تحفظ اور بنیادی انفرااسٹرکچر کی حفاظت انتہائی ضروری ہے، اور تمام فریقین کو اس حوالے سے ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔
انیتا آنند نے پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس نازک وقت میں مذاکرات کو آگے بڑھانے میں پاکستان کا کردار قابلِ تعریف ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کینیڈا پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔
دونوں رہنماؤں نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ وہ مستقبل میں بھی باہمی رابطے جاری رکھیں گے اور مشترکہ ترجیحات، خصوصاً اقتصادی تعاون اور عوامی روابط کو مزید فروغ دینے کے لیے کام کریں گے۔