سری لنکا میں احتجاج کے باوجود ورلڈ کپ کا پُرامن انعقاد

مظاہرے پُرتشدد نہیں، ٹورنامنٹ یا غیرملکی پلیئرزکوکوئی خطرہ نہیں ہے، آئی سی سی

مظاہرے پُرتشدد نہیں، ٹورنامنٹ یا غیرملکی پلیئرزکوکوئی خطرہ نہیں ہے، آئی سی سی فوٹو فائل

گستاخانہ فلم کیخلاف سری لنکا میں احتجاج کے باوجود ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ کا پُرامن انعقاد جاری ہے۔ کولمبو میں مسلمانوں نے امریکی سفارتخانہ کے قریب پُرامن مظاہرہ کیا، کسی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کیلیے ٹیم ہوٹلزکو جانے والے راستے بھی بلاک کردیے گئے تھے۔

میگا ایونٹ کے سیکیورٹی آفیشل کا کہنا ہے کہ مظاہرے پُرتشدد نہیں اس لیے ان سے ٹورنامنٹ یا غیرملکی کھلاڑیوں کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔ تفصیلات کے مطابق گستاخانہ فلم بنانے والوں کیخلاف پوری دنیا میں احتجاج ہورہا ہے۔

گذشتہ روز سری لنکن دارالحکومت کولمبو میں بھی مسلمانوں نے امریکی سفارتخانے کی جانب مارچ کیا جسے حکومت کی جانب سے سخت سیکیورٹی فراہم کی گئی تھی۔

اس مظاہرے میں 20 ہزار کے قریب مسلمان شامل تھے تاہم انھوں نے پُرامن رہتے ہوئے احتجاج ریکارڈ کرایا، اس سے قبل جمعے کے روز بھی یہاں پر احتجاج کیا گیا تھا۔


سری لنکا میں ہی اس وقت ورلڈ کپ کے میچز جاری اورکئی غیرملکی ٹیمیں کولمبو میں امریکی سفارتخانے کے قریب واقع ہوٹلز میں رہائش پذیر ہیں۔

اس لیے حکام نے کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کیلیے ان ہوٹلزکی جانب جانے والے راستوں کو بھی بند کردیا تھا، بڑی تعداد میں ہونے کے باوجود سری لنکن مسلمان پُرامن رہے اور انھوں نے کسی بھی چیز کو نقصان پہنچانے کے بجائے صرف اپنااحتجاج ریکارڈ کرایا۔

انھوں نے امریکا مخالف نعروں والے پلے کارڈز بھی اٹھائے ہوئے تھے بعد ازاں وہیں سڑک پر نماز ادا کرنے کے بعد مظاہرین پُرامن انداز میں منتشر ہوگئے۔ ورلڈ کپ کے ایک سیکیورٹی آفیشل کا کہنا ہے کہ مغرب مخالف مظاہروں کے باوجود ہمیں ورلڈ کپ میں شریک ٹیموں کی سیکیورٹی کے حوالے سے کوئی خدشہ نہیں

یہ احتجاج پُرتشدد نہیں لہذا ہم اسے ٹیموں یا میچ وینیوز کیلیے خطرہ نہیں سمجھتے ہیں۔
Load Next Story