اے ڈی بی کے نائب صدر کا رواں ماہ پاکستان کے دورے کا امکان

دورے سے قبل ایشیائی ترقیاتی بینک کی کنٹری ڈائریکٹر کی وفاقی وزیر توانائی سے ملاقات بھی ہوئی

فوٹو: فائل

اسلام آباد:

ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) کے نائب صدر کا رواں ماہ پاکستان کے دورے کا امکان ہے۔

پاکستان اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے درمیان پاور سیکٹر میں جدید اور پائیدار اصلاحات پر اتفاق کیا گیا ہے۔

اس حوالے سے ایشیائی ترقیاتی بینک کی کنٹری ڈائریکٹر ایما ژاؤ چن فان کی وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری سے ملاقات ہوئی جس میں جاری اصلاحات اور مستقبل کے تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر توانائی اویس لغاری کا کہنا تھا کہ پاکستان کا پاور سیکٹر عالمی توانائی چیلنجز کے باوجود موجودہ حالات میں مستحکم ہے۔ مقامی کوئلہ، پن بجلی اور شمسی توانائی کے بڑھتے استعمال سے توانائی استحکام ممکن ہوا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت مقامی ذرائع سے بجلی کی پیداوار بڑھا کر بجلی کی لاگت کو بڑھنے سے روکنے پر توجہ دے رہی ہے۔

ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کے پاور سیکٹر میں ڈیجیٹائزیشن اور ادارہ جاتی اصلاحات میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔

ایما ژاؤ چن فان کا کہنا تھا کہ جدید میٹرنگ سسٹم میں ایشیائی ترقیاتی بینک کی تکنیکی معاونت جاری ہے، روف ٹاپ سولر اور بیٹری انرجی اسٹوریج (BESS) کے اثرات کا جائزہ لینے کے لیے مطالعات جاری ہیں۔ کوریا میں پاور سیکٹر کے ماہرین کو خصوصی تربیت دی جائے گی۔

اویس لغاری کا کہنا تھا کہ تربیتی پروگرامز میں شفافیت، میرٹ اور غیر جانبداری کو یقینی بنایا جائے۔ جدید تربیت یافتہ افرادی قوت ادارہ جاتی اصلاحات میں کلیدی کردار ادا کرے گی، نیشنل گرڈ کمپنی کی تنظیمِ نو حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔

وزیر توانائی کا کہنا تھا کہ ٹرانسمیشن نظام کو مضبوط بنانے اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے حکومتی اقدامات جاری ہیں، پاکستان بزنس کونسل کو ٹرانسمیشن سیکٹر میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے فعال کر رہے ہیں۔

Load Next Story