ٹرمپ کی دھمکیوں کا جواب؛ ایرانی عوام نے اہم تنصیبات کے گرد انسانی زنجیر بنادی
امریکی صدر نے ایران کے اہم پاور پلانٹس اور پلوں کو اُڑانے کی دھمکی دی ہے
ایرانی عوام نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ایرانی تہذیب و تمدن کو صفحہ ہستی سے مٹانے کی دھمکیوں کے جواب میں تنصیبات کے گرد انسانی زنجیر بنادیں۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو دی گئی سخت دھمکیوں کے باوجود ایرانی عوام بڑی تعداد میں سڑکوں پر نکل آئے اور ملک بھر میں اہم تنصیبات کے تحفظ کے لیے انسانی زنجیریں قائم کر دیں۔
رپورٹس کے مطابق مختلف شہروں میں شہریوں نے اہم پلوں، بجلی گھروں اور دیگر حساس مقامات پر قومی پرچم اٹھا کر یکجہتی کا اظہار کیا۔
عوام کا کہنا تھا کہ وہ کسی بھی بیرونی دباؤ یا دھمکی سے خوفزدہ نہیں ہوں گے اور اپنے ملک کے دفاع کے لیے ہر حد تک جانے کو تیار ہیں۔
شرکا میں ہر عمر اور طبقے سے تعلق رکھنے والے افراد شامل تھے، جن میں بچے، بزرگ، خواتین اور طلبہ و طالبات بھی پیش پیش نظر آئے۔
شرکا نے کہا کہ وہ جنگی خطرات کے باوجود اپنی جانوں کی پروا کیے بغیر ان مقامات پر موجود ہیں تاکہ قومی تنصیبات کو کسی بھی ممکنہ حملے سے محفوظ رکھا جا سکے۔
دوسری جانب ایران کے سرکاری اور نیم سرکاری میڈیا نے ان مناظر کو عوامی اتحاد اور مزاحمت کی علامت قرار دیا ہے۔
ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ ملک کی خودمختاری اور اہم انفراسٹرکچر کے تحفظ کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔