موٹروے ایم-3 ننکانہ کے قریب بس حادثہ، 3 افراد جاں بحق، 26 زخمی
موٹر وے ایم 3 پر ننکانہ صاحب کے قریب مسافر بس حادثے کا شکار ہو گئی جس کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق جبکہ 26 زخمی ہو گئے۔
ترجمان سنٹرل ریجن کے مطابق زخمی ہونے والے 24 افراد کی حالت خطرے سے باہر ہے جبکہ 2 مسافر شدید زخمی ہیں جنہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
ترجمان کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب مسافر بس بے قابو ہو کر سڑک کے کنارے ورج میں جا گری۔ اطلاع ملتے ہی نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس فوری طور پر موقع پر پہنچ گئی اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔
ڈی آئی جی موٹروے پولیس عمران شاہد خود موقع پر پہنچے اور ریسکیو آپریشن کی نگرانی کرتے رہے، جبکہ سیکٹر کمانڈر، ڈی ایس پی بیٹ 13 اور دیگر افسران بھی موقع پر موجود رہے۔
موٹروے پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے تمام مسافروں کو ریسکیو کیا اور زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا۔
ترجمان کے مطابق بھاری مشینری اور کرینوں کی مدد سے امدادی سرگرمیاں مکمل کرلی گئی ہیں جبکہ ٹریفک کی روانی کو بھی برقرار رکھا گیا۔