کراچی میں جمعہ سے درجہ حرارت میں اضافے کا امکان
کراچی میں جمعہ سے درجہ حرارت میں اضافے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے جہاں نسبتا گرم دن ریکارڈ ہو سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 ڈگری سینٹی گریڈ تک تجاوز کر سکتا ہے، جبکہ مارچ کے وسط تک یہ بڑھ کر 36 ڈگری تک پہنچنے کی توقع ہے۔
ترجمان و ڈپٹی ڈائریکٹر انجم نذیر ضیغم کے مطابق درجہ حرارت میں گزشتہ دنوں کے مقابلے میں 2 سے 3 ڈگری اضافہ متوقع ہے، تاہم گرمی کی شدید لہر (ہیٹ ویو) کا کوئی امکان نہیں۔
انہوں نے بتایا کہ کراچی میں ہیٹ ویو کے لیے درجہ حرارت کا 40 ڈگری تک جانا، نمی کا تناسب 60 فیصد سے زائد ہونا اور سمندری ہواؤں کی مسلسل بندش جیسے عوامل ضروری ہوتے ہیں، جو فی الحال موجود نہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مارچ کے اختتام اور اپریل کے اوائل میں اس نوعیت کی موسمی صورتحال معمول کا حصہ ہوتی ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ دنوں مغربی سلسلوں کے باعث شہر کا موسم نسبتاً معتدل رہا تاہم اب درجہ حرارت میں بتدریج اضافہ متوقع ہے۔