ترسیلات زر میں 16.5 فیصد اضافہ، مارچ میں 3.8 ارب ڈالر موصول
فوٹو: فائل
اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے بتایا ہے کہ مارچ 2026 میں ماہانہ بنیاد پر ترسیلات زر میں 16.5 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے اور گزشتہ ماہ کے دوران 3.8 ارب ڈالر موصول ہوئے ہیں۔
اسٹیٹ بینک کی جانب سے مارچ 2026 میں کارکنوں کی ترسیلات زر سے متعلق جاری اعداد و شمار کے مطابق مارچ 2026 میں کارکنوں کی ترسیلات زر کی مد میں 3.8 ارب امریکی ڈالر موصول ہوئے ہیں۔
بیان میں کہا گیا کہ نمو کے لحاظ سے ترسیلات زر میں ماہ بہ ماہ بنیادوں پر 16.5 فیصد اضافہ جبکہ سال بہ سال بنیادوں پر 5.5 فیصد کمی ہوئی ہے۔
مزید بتایا گیا کہ مالی سال 2026 کے جولائی تا مارچ کے دوران کارکنوں کی ترسیلات زر کی مد میں مجموعی طور پر 30.3 ارب ڈالر موصول ہوئے جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے سے 8.2 فیصد زائد ہیں جبکہ گزشتہ برس اسی مدت میں 28 ارب ڈالر موصول ہوئے تھے۔
اسٹیٹ بینک نے بتایا کہ مارچ 2026 کے دوران کارکنوں کی ترسیلات زر سے رقوم کی آمد کے اہم ذرائع میں سعودی عرب 918.4 ملین ڈالر، متحدہ عرب امارات 823.7 ملین ڈالر، برطانیہ 587.3 ملین ڈالر اور امریکا 359.3 ملین ڈالر اور دیگر شامل تھے۔