پاکستان کی سفارتکاری: امن، بصیرت اور حب الوطنی کی روشن مثال

پاکستان نے ایک بار پھر دنیا کو یہ پیغام دیا ہے کہ وہ امن، استحکام اور ترقی کا خواہاں ہے

عالمی سیاست کے پیچیدہ اور تیزی سے بدلتے ہوئے منظرنامے میں کچھ قومیں اپنی طاقت کے بل پر پہچانی جاتی ہیں، جبکہ کچھ اپنی حکمت، بصیرت اور سفارتی مہارت کے ذریعے دنیا میں مقام حاصل کرتی ہیں۔ پاکستان انہی ممالک میں شامل ہے جو محدود وسائل کے باوجود بڑے فیصلوں میں اپنا اثر چھوڑنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

حالیہ کشیدہ صورتحال میں جب ایران اور امریکا کے درمیان جنگ کے بادل منڈلا رہے تھے، پاکستان نے ایک بار پھر ثابت کیا کہ وہ صرف ایک ریاست نہیں بلکہ امن کا علمبردار ہے۔

یہ ایک تلخ حقیقت ہے کہ آج کی دنیا میں جنگیں صرف ہتھیاروں سے نہیں بلکہ بیانیوں، سفارتکاری اور نفسیاتی حکمت عملیوں سے بھی لڑی جاتی ہیں۔ ایسے میں پاکستان نے جو حکمت عملی اختیار کی، وہ نہایت باریک بینی اور دوراندیشی پر مبنی تھی۔

ڈونلڈ ٹرمپ کو نوبل امن انعام کے لیے تجویز کرنا بظاہر ایک سادہ اقدام لگ سکتا ہے، مگر درحقیقت یہ ایک گہری سفارتی چال تھی۔ اس کا مقصد یہ تھا کہ عالمی سطح پر ایک ایسا بیانیہ قائم کیا جائے جس میں امریکہ کو امن کے داعی کے طور پر پیش کیا جائے، تاکہ وہ خود بھی اپنے اس امیج سے پیچھے نہ ہٹ سکے۔

یہاں یہ بات بھی قابلِ غور ہے کہ نوبل انعام کی حیثیت خود ایک سیاسی علامت بن چکی ہے۔ ماضی میں بھی ایسے کئی فیصلے سامنے آئے ہیں جن پر سوالات اٹھائے گئے۔ لہٰذا پاکستان نے اس حقیقت کو مدنظر رکھتے ہوئے ایک ایسا قدم اٹھایا جو براہ راست نہیں بلکہ بالواسطہ طور پر جنگ کو روکنے میں مددگار ثابت ہو سکتا تھا۔ یہ وہی حکمت عملی ہے جسے ہم نرم طاقت (Soft Power) کہتے ہیں، اور یہی وہ میدان ہے جہاں پاکستان نے اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا۔

اس پوری صورتحال میں وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سیدعاصم منیر کی پیشہ ورانہ مہارت نے ایک کلیدی کردار ادا کیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے عالمی سطح پر سفارتی روابط کو متحرک رکھا، مختلف ممالک کے ساتھ رابطے استوار کیے اور امن کے پیغام کو مؤثر انداز میں پیش کیا۔ ان کی قیادت میں پاکستان نے یہ واضح کیا کہ وہ کسی بھی قسم کے تصادم کا حصہ نہیں بلکہ اس کے حل کا داعی ہے۔

دوسری جانب فیلڈ مارشل عاصم منیر نے قومی سلامتی کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے ایک متوازن حکمت عملی اپنائی۔ انہوں نے نہ صرف دفاعی سطح پر تیاری کو یقینی بنایا بلکہ سفارتی محاذ پر بھی ہم آہنگی برقرار رکھی۔ یہ ایک ایسی ہم آہنگی تھی جس نے پاکستان کو ایک مضبوط اور ذمہ دار ریاست کے طور پر پیش کیا۔

یہ کہنا غلط نہ ہوگا کہ ان دونوں رہنماؤں کی مشترکہ کوششوں نے ایک ممکنہ بڑے تصادم کو ٹالنے میں اہم کردار ادا کیا۔ ان کی بروقت اور دانشمندانہ سفارتکاری نے خطے کو ایک بڑی تباہی سے بچایا۔ یہی وہ لمحہ ہے جہاں ایک پاکستانی کے طور پر ہمارا سر فخر سے بلند ہوتا ہے۔ ہم ایک ایسی قوم ہیں جو نہ صرف اپنی بقا کے لیے لڑتی ہے بلکہ دوسروں کے لیے بھی امن کا راستہ ہموار کرتی ہے۔

یہاں شاعر عدیم ہاشمی کا شعر ایک بار پھر یاد آتا ہے

اس نے ہنسی ہنسی میں محبت کی بات کی،
میں نے عدیم اس کو مکرنے نہیں دیا

پاکستان نے بھی عالمی طاقتوں کو ان کے اپنے بیانیے کا پابند بنانے کی کوشش کی۔ یہ وہ سفارتکاری ہے جو بند کمروں میں نہیں بلکہ ذہنوں اور دلوں میں لڑی جاتی ہے۔

اگر ہم پاکستان کی موجودہ عالمی حیثیت کا جائزہ لیں تو یہ بات واضح ہوتی ہے کہ ملک نے مشکل حالات کے باوجود اپنی ساکھ کو بہتر بنایا ہے۔ معاشی چیلنجز، سیاسی دباؤ اور علاقائی کشیدگی کے باوجود پاکستان نے خود کو ایک ذمہ دار اور متوازن ریاست کے طور پر پیش کیا ہے۔ دنیا اب پاکستان کو صرف ایک مسئلہ زدہ ملک کے طور پر نہیں بلکہ ایک حل فراہم کرنے والی ریاست کے طور پر دیکھنے لگی ہے۔

پاکستان کی جغرافیائی حیثیت بھی اس کے کردار کو مزید اہم بناتی ہے۔ ایک طرف چین جیسے طاقتور اتحادی کے ساتھ تعلقات، دوسری طرف امریکہ کے ساتھ سفارتی روابط، اور ساتھ ہی مشرق وسطیٰ کے ممالک کے ساتھ مذہبی و ثقافتی قربت،یہ سب ایک نازک توازن کا تقاضا کرتے ہیں۔ پاکستان نے اس توازن کو برقرار رکھتے ہوئے ایک مثالی سفارتی کردار ادا کیا ہے۔

یہی وہ مقام ہے جہاں پاکستانی قوم کی حب الوطنی کھل کر سامنے آتی ہے۔ ہم ایک ایسی قوم ہیں جو مشکلات میں بھی امید کا دامن نہیں چھوڑتی۔ ہم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑی، قدرتی آفات کا سامنا کیا، معاشی بحرانوں سے گزرے، مگر ہر بار پہلے سے زیادہ مضبوط ہو کر ابھرے۔ آج بھی جب دنیا ایک نئے بحران کی طرف بڑھ رہی ہے، پاکستان امن کا پیغام لے کر کھڑا ہے۔

حب الوطنی صرف نعروں کا نام نہیں بلکہ عمل کا تقاضا کرتی ہے۔ یہ وہ جذبہ ہے جو ہمیں اپنی ریاست، اپنی فوج، اپنی قیادت اور اپنے اداروں پر اعتماد کرنے کی طاقت دیتا ہے۔وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سیدعاصم منیر کی قیادت میں پاکستان نے جو کردار ادا کیا، وہ اسی حب الوطنی کی عملی تصویر ہے۔

آج ہمیں اس بات پر فخر ہونا چاہیے کہ ہمارا ملک صرف اپنے مفادات کا نہیں بلکہ عالمی امن کا بھی محافظ بن کر ابھرا ہے۔ یہ ایک ایسی کامیابی ہے جو کسی ایک فرد یا ادارے کی نہیں بلکہ پوری قوم کی ہے۔ یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ اگر نیت صاف ہو اور قیادت مخلص ہو تو محدود وسائل کے باوجود بڑے مقاصد حاصل کیے جا سکتے ہیں۔

پاکستان نے ایک بار پھر دنیا کو یہ پیغام دیا ہے کہ وہ امن، استحکام اور ترقی کا خواہاں ہے۔ یہ ملک نہ صرف اپنی سرزمین کا محافظ ہے بلکہ خطے میں توازن اور ہم آہنگی کا ضامن بھی ہے۔ ہمیں اپنی قیادت پر فخر ہے، اپنی فوج پر اعتماد ہے اور اپنے وطن سے بے پناہ محبت ہے۔

پاکستان ہمیشہ قائم و دائم رہے گا، کیونکہ یہ صرف ایک ملک نہیں بلکہ ایک نظریہ ہے،امن کا، ترقی کا اور حب الوطنی کا۔ پاکستان زندہ باد۔

نوٹ: ایکسپریس نیوز اور اس کی پالیسی کا اس بلاگر کے خیالات سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

اگر آپ بھی ہمارے لیے اردو بلاگ لکھنا چاہتے ہیں تو قلم اٹھائیے اور 800 سے 1,200 الفاظ پر مشتمل تحریر اپنی تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بک اور ٹوئٹر آئی ڈیز اور اپنے مختصر مگر جامع تعارف کے ساتھ blog@express.com.pk پر ای میل کردیجیے۔

Load Next Story