صدر ٹرمپ کا اپنے نائب اور مشیران خاص کو پاکستان بھیجنے کا فیصلہ؛ وائٹ ہاؤس کی تصدیق
امریکی صدر کا جے ڈی وینس، اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر کو پاکستان بھیجنے کا فیصلہ (اے آئی، تصوراتی تصویر)
ایران کے ساتھ جنگ بندی معاہدے پر ہونے والے مذاکرات کے لیے امریکی صدر نے اعلیٰ سطح کا وفد پاکستان بھیجنے کا فیصلہ کرلیا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق وائٹ ہاؤس کی ترجمان نے میڈیا بریفنگ میں اعلان کیا کیا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ہدایت پر اعلیٰ سطح کا وفد پاکستان بھیجا جا رہا ہے جہاں ایران کے ساتھ امن معاہدے پر مذاکرات ہوں گے۔
ترجمان وائٹ ہاؤس نے بتایا کہ پاکستان جانے والے امریکی وفد کی قیادت نائب صدر جے ڈی وینس کریں گے جب کہ صدر کے خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف اور مشیر جیرڈ کشنر بھی ٹیم کا حصہ ہوں گے۔
وائٹ ہاؤس کی ترجمان کیرولین لیویٹ نے کہا کہ نائب صدر وینس شروع سے اس عمل میں کلیدی کردار ادا کرتے رہے ہیں اور اب وہ مذاکرات کے نئے مرحلے کی قیادت کریں گے۔
انھوں نے بتایا کہ یہ مذاکرات مقامی وقت کے مطابق ہفتے کی صبح شروع ہوں گے اور ہم ان بالمشافہ ملاقاتوں کے منتظر ہیں۔
خیال رہے کہ دونوں ممالک کے درمیان گزشتہ روز دو ہفتوں کے لیے عارضی جنگ بندی طے پا گئی جس کے تحت اس دوران امریکا حملے بند جب کہ ایران آبنائے ہرمز کھول دے گا۔
واضح رہے کہ جنگ بندی سے قبل کی جانے والی کوششوں میں ایران نے 10 نکاتی تجاویز پیش کی تھیں جب کہ امریکا نے 15 نکات پر مبنی پلان دیا تاہم بات نہیں بن پائی تھی۔