پاکستان ہاکی ٹیم کیلئے ملک گیر اوپن ٹرائلز اور ٹریننگ کیمپ کے شیڈول کا اعلان

جاری کردہ اعلامیے کے مطابق نیشنل انڈر 18 چیمپئن شپ 9 سے 19 اپریل تک اسلام آباد میں منعقد ہورہی ہے


ذوالفقار بیگ April 08, 2026

پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر محی الدین احمد وانی کی منظوری کے بعد انڈر 18 اور پاکستان سینئر ٹیم کے لیے ملک گیر اوپن ٹرائلز اور سینئر ٹیم کے ٹریننگ کیمپ کے شیڈول کا باقاعدہ اعلان کر دیا گیا۔

جاری کردہ اعلامیے کے مطابق نیشنل انڈر 18 چیمپئن شپ 9 سے 19 اپریل تک اسلام آباد میں منعقد ہورہی ہے۔

اس دوران سیلیکشن کمیٹی کھلاڑیوں کی پرفارمنس کا جائزہ لے گی۔ وہ کھلاڑی جو چیمپئن شپ میں شرکت نہیں کر سکیں گے۔ ان کے ٹرائلز 20 اور 21 اپریل کو اسلام آباد میں ہوں گے۔ اس موقع چیئرمین سلیکشن کمیٹی اولمپین سمیع اللہ سمیت سلیکشن کمیٹی اور ہیڈ کوچ بھی موجود ہوں گے۔

انڈر 18 کے اوپن ٹرائلز 16 اپریل کو لاہور میں ہوں گے، جس کی نگرانی چیف سلیکٹر سمیع اللہ، عاطف بشیر، ایم خالد اور ہیڈ کوچ قمر ابراہیم کریں گے۔

پاکستان سینئر ٹیم کے اوپن ٹرائلز 13 اپریل کو عبدالستار ایدھی ہاکی اسٹیڈیم کراچی میں ہوں گے۔

گزشتہ نیشنل ٹیم کے 28 کھلاڑیوں اور اسٹینڈ بائی لسٹ والے کھلاڑیوں کو مزکورہ ٹرائلز سے استثنیٰ حاصل ہوگا جبکہ لاہور میں سینئر ٹیم کے ٹرائلز 15 اپریل کو منعقد ہوں گے۔پشاور میں اوپن ٹرائلز 23 اپریل کو ہوں گے جس میں پی ایچ ایف سلیکشن کمیٹی اور ہیڈ کوچ منظور الحسن شریک ہوں گے۔

پاکستان ہاکی فیڈریشن کے اعلامیہ کے مطابق پاکستان سینئر ٹیم کا باقاعدہ ٹریننگ کیمپ یکم مئی سے اسلام آباد میں شروع ہوگا۔