پشاور ؛ بڈھ بیر میں پیٹرول پمپ کے قریب آئی ای ڈی دھماکا

آئی ای ڈی دھماکا صبح تقریباً 9 بجے ہوا، واقعے میں کوئی جانی نقصان رپورٹ نہیں ہوا، پولیس

فوٹو: فائل

پشاور:

بڈھ بیر کے علاقے میں پیٹرول پمپ کے قریب بارودی مواد کا دھماکا ہوا ہے، تاہم کوئی جانی نقصان رپورٹ نہیں ہوا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ابتدائی معلومات میں بتایا گیا ہے کہ تھانہ بڈھ بیر کی حدود میں غز اسٹاپ روڈ کے کنارے صبح تقریباً 9 بجے آئی ای ڈی دھماکا ہوا، جس کے نتیجے میں کسی قسم کا جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔

پولیس کے مطابق دھماکے کے بعد علاقے کو فوری طور پر گھیرے میں لے لیا گیا اور سیکیورٹی سخت کر دی گئی۔ اطلاع ملتے ہی پولیس افسران، مقامی پولیس اور بم ڈسپوزل اسکواڈ کی ٹیم موقع پر پہنچ گئی، جنہوں نے جائے وقوع کا معائنہ کیا۔

بم ڈسپوزل حکام کے مطابق بارودی مواد پلاسٹک کی بوتل میں رکھا گیا تھا، جس میں کوئی بال بیرنگ شامل نہیں تھے، جبکہ بارودی مواد سڑک کنارے نصب کیا گیا تھا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

Load Next Story